حیدرآباد کے نامپلی میں مجلس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان تصادم، اصل میں ہوا کیا؟ (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے نامپلی علاقہ میں حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب کانگریس اور مجلس کے کارکنوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نامپلی حلقہ کے آصف نگر میں کانگریس اور ایم آئی ایم لیڈروں کے درمیان زبردست بحث و تکرار ہوئی۔ مجلس کے رکن اسمبلی ماجد حسین اور کانگریس لیڈر فیروز خان کے حامیوں کے درمیان تصادم ہوا۔ اس موقع پر پولیس بھی موجود تھی تاہم پولیس نے دونوں گروپس کو وہاں سے منتشر کردیا۔

https://www.facebook.com/share/v/n4mm2uKtaoJQ8T94/

اصل میں ہوا کیا؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق حلقہ نامپلی میں ترقیاتی کام جاری ہے، وہیں ملے پلی علاقہ میں ایک سڑک کی تعمیر کا کام جاری تھا، اس دوران ایک شخص گڑھے میں گرکر زخمی ہوگیا۔ اس حادثہ کے بعد کانگریس لیڈر فیروز خان سڑک کے تعمیری کاموں کا جائزہ لینے موقع پر پہنچے جس کی اطلاع مجلس کے ارکان کو ہوئی تو وہ برہم ہوگئے۔ جب فیروز خان علاقہ کا دورہ کررہے تھے تو مجلس کے کارکنوں نے اعتراض جتایا۔

ایک اور اطلاع کے مطابق اس دوران دونوں گروپس میں پتھراؤ بھی ہوا۔ فی الحال کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کےلئے علاقہ میں پولیس کی جانب سے سخت سیکوریٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔

https://www.facebook.com/share/v/CJk5sEVurtyH2QMG/

مجلس کارکنوں نے فیروز خان پر سیاسی فائدہ کےلئے ایک چھوٹے سے حادثہ کو بڑھا چڑھاکر پیش کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران ایک چھوٹا سا حادثہ پیش آیا، اسے غیرضروری سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’کیا علاقہ میں ترقیاتی کام نہ کرائے جائیں؟ کیا کانگریس کی جانب سے سڑک تعمیر کرنے کی بھی مخالفت کی جارہی ہے؟

وہیں کانگریس کارکنوں نے مجلس کے رکن اسمبلی پر ترقیاتی کاموں میں دیری کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے سڑک کے تعمیری کاموں کو جلد نمٹانے پر زور دیا تاکہ اس طرح کے حادثہ پیش نہ آئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں