سکندرآباد کی مندر میں توڑ پھوڑ کا افسوسناک واقعہ، ہندو تنظیموں اور سیاسی رہنماؤں کا احتجاج، حالات کشیدہ، پولیس چوکس

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے سکندرآباد میں حالات اس وقت انتہائی کشیدہ ہوگئے جب کچھ ہندو تنظیموں کے کارکنوں نے مندر میں توڑ پھوڑ کے واقعہ پر شدید احتجاج شروع کردیا۔ احتجاجی مونڈا مارکٹ میں واقع مندر کی بیحرمتی اور مورتی کو نقصان پہنچانے کے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ اتوار کی رات 3 بجے ایک شخص نے مندر کا دروازہ توڑ کر مورتی کو نقصان پہنچایا۔ سکندرآباد کے کماری واڑی میں نامعلوم اشرار نے مندر میں توڑ پھوڑ کی۔ جبکہ یہ واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔ واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے ایک شخص پکڑ لیا اور اسے مارپیٹ کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالہ کردیا۔

واقعہ کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے علاقہ میں بڑی تعداد میں اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا۔ پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لیکر اسے ہسپتال منتقل کیا۔ آج صبح سے ہی علاقہ میں ہندو تنظیموں کے ارکان جمع ہونے لگے اور احتجاج شروع کردیا۔

پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے دیگر مفرور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے حراست میں لئے گئے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں