حیدرآباد (پریس نوٹ) ہندوستان کی متنوع تہذیب و تمدن مختلف برادریوں کے درمیان اتحاد کیلئے اہمیت کی حامل ہے اور موجودہ حالات میں اس کی برقراری کے لئے میڈیا کو بھی اہم رول ادا کرنا پڑے گا۔ اِن خیالات کا اظہار ایوب علی خان (سینئر جرنلسٹ)نے ریاض سعودی عرب میں منعقدہ تہنیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس نشست کا اہتمام IJFF اور AIUS تنظیموں کی جانب سے کیا گیا اور اس کا عنوان ”موجودہ منظر نامے میں صحافت کا کردار“ تھا۔ایوب علی خان نے کہا کہ ہندوؤں اور مسلمانوں دونوں، دوسرے گروہوں کے ساتھ تاریخی طور پر قابل ذکر رواداری کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے ایک ایسے ویژن پر زور دیا جو گاندھی، نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور مولانا ابوالکلام آزاد جیسے لیڈروں کے نظریات کی عکاسی کرے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ہندوستانیوں کے طور پر مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ ہم آہنگی اور باہمی احترام سے جڑے معاشرے کی تعمیر ہو۔
انہوں نے تمام برادریوں کے درمیان باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کی بھی وکالت کی اور اس میں صحافت کے رول کا بھی ذکر کیا۔ اُنہوں نے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ سماجی انصاف کے فروغ اور پسماندہ آوازوں کو اُٹھانے میں وہ اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چوکس رہنا چاہیے اور سچائی کے محافظ کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ انٹرنیشنل جرنلسٹس فریٹرنٹی فورم سعودی چیاپٹر اور آل انڈیا یونائیٹڈ سوسائٹی (AIUS) کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف علی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کہا کہ جمہوریت کے ایک ستون کے طور پر صحافت کی کافی اہمیت ہے۔ انہوں نے تیز رفتار معلومات کے تبادلے کے دور میں صحافیوں کو درپیش اہم چیلنجوں پر بھی روشنی ڈالی۔
سینئر صحافی اور IJFF-KSA چیاپٹر کے ایڈوائزر کے این واصف نے ایوب علی خان کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزنامہ سعودی گزٹ کے سابق ڈپٹی منیجنگ ایڈیٹر رہ چکے ہیں اور فی الحال Siasat.comکے اعزازی ایڈیٹر کی حیثیت سے اپنی گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پیشہ صحافت میں اِنہیں وسیع تجربہ ہے اور صحافتی برادری میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ تقریب کے دوران مختلف شخصیات کوسماج کیلئے ان کی نمایاں خدمات پر تہنیت پیش کی گئی۔ صحافی محمد سیف الدین نائب صدر IJFF-KSA چیاپٹر کو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کا ایئریا ڈائرکٹر بننے پر اور شہزین ارم جوائنٹ سکریٹری IJFF- KSA چیاپٹر کو انٹرنیشنل انڈین اسکول مینیجنگ کمیٹی رکن کے طور پر نامزد کئے جانے پر تہنیت پیش کی گئی۔
ڈاکٹر اِدریس سلیم گور کمیونٹی لیڈر کو بھی ان کی غیر معمولی خدمات پر تہنیت دی گئی۔ نشست کے اختتام پرایوب علی خان کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور انہیں تہنیت پیش کرتے ہوئے مومنٹو بھی دیا گیا۔ خدیجہ خانم رکن و کوآرڈینیٹر IJFF-KSA چیاپٹر نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔عبدالنعیم قیوم (رکن آئی جے ایف ایف)نے کاروائی چلائی۔ اس موقع پر فورم کے ذمہ داران فاروق رضا، اسماعیل حسن عامر کے علاوہ AIUS تنظیم کے ذمہ دارن بھی موجود تھے۔