’وقف بورڈ کو سپریم کورٹ سے زیادہ اختیارات حاصل‘! بی جے پی رکن پارلیمنٹ وشویشور ریڈی کا انتہائی متنازعہ و حقیقت سے بعید بیان

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے حلقہ چیوڑلہ سے رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے وقف بورڈ سے متعلق انتہائی متنازعہ ریمارکس کئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی لیڈر کونڈا وشویشور ریڈی نے وقف بورڈ کو غیرآئینی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے آئین ہند کے خلاف وقف بورڈ تشکیل دیا تھا۔ انہوں نے انتہائی متنازعہ ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ کو سپریم کورٹ سے زیادہ اختیارات دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ ایک ظالمانہ مذاق ہے، یہ ایسی صورت حال ہے کہ آپ نہیں جانتے کہ ہنسنا ہے، رونا ہے، اداس ہونا ہے۔

حیدرآباد میں بی جے پی کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ وقف بورڈ بل کو سرمائی اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں پاس کیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وقف ترمیمی بل مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے۔

چیوڑلہ کے رکن پارلیمنٹ نے وقف بورڈ سے متعلق کئی متنازعہ ریمارکس کئے۔ ان کے تمام دعوے بے بنیاد نظر آتے ہیں، جیسا کہ انہوں نے کہا کہ ’وقف بورڈ کو سپریم کورٹ سے زیادہ اختیارات حاصل ہیں‘۔ اس طرح کا بیان نہ قابل قبول ہے، کیونکہ سیکولر ملک میں پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کو ہی سب سے زیادہ اختیارات حاصل ہیں۔ انہوں نے وقف بورڈ کو آئین کے خلاف قرار دیا جبکہ وقف بورڈ ایکٹ پارلیمنٹ میں پاس ہونے کے بعد ہی بنایا گیا اور اس میں ترمیم بھی پارلیمنٹ کی منظوری سے کی گئی، ان سب کے باوجود اسے غیرآئنی قرار دینا مناسب نہیں ہے۔ وشویشور ریڈی کے بے بنیاد ریمارکس کو انتہائی متنازعہ و حقیقت سے بعید قرار دیا جارہا ہے۔ وشویشور ریڈی کی پریس کانفرنس سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سرخیوں میں رہتے ہوئے پارٹی میں اپنا قد بڑھانے کےلئے کوشاں ہیں۔ کانگریس کا دامن چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے لیڈر خود کو وفادار ثابت کرنے کےلئے جستجو کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں