حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، 22 سالہ نوجوان دولہے نے مبینہ طور پر اپنی دلہن کو شادی کے روز ہی قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم دلہے کی شناخت پولولا وگنیش کے طور پر کی گئی جس کی پانچ ماہ قبل ایک مندر میں لڑکی سے ملاقات ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان محبت پروا چڑھی۔
وہ دونوں شادی قبل ہی کرایہ کے مکان میں ساتھ رہنے لگے تاہم وگنیش کو اپنی محبوبہ پر شک تھا کہ کسی اور سے فون پر بات کرتی ہے، جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔ تاہم لڑکی کے اصرار پر وگنیش نے منصوبہ کے تحت شادی کرکے اسی روز مبینہ طور پر لڑکی کا قتل کردیا۔
وگنیش نے شادی سے پہلے دلہن کا قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور مبینہ طور پر اپنے دوست ساکیتھ اور ساکیتھ کی بیوی کلیانی عرف نندنی کے ساتھ شیئر کیا۔ تاہم دونوں نے اس کی مدد کرنے سے انکار کر دیا۔ وگنیش نے شادی کے بعد دلہن کے قتل کو حادثاتی موت ظاہرکرنے کا منصوبہ بنایا تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔
بالاپور علاقہ میں 9 نومبر کو شادی کی شام جب ساکیت کچھ کام سے اور کلیانی بازار گئی تو وگنیش نے مبینہ طور پر اپنی دلہن پر حملہ کرکے اس کا سر دیوار سے ٹکرایا، جب وہ بے ہوش ہو گئی تو ساڑھی سے اس کا گلا گھونٹ دیا۔
تاہم بعد میں وگنیش نے کلیانی اور ساکیت کی مدد سے لاش کو ٹھکانہ لگادیا۔ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔