کعبہ کے ماڈل کے سامنے فیشن شو! حقیقت کیا ہے؟ (ویڈیو دیکھیں)

(ایجنسیز) سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں ایک چوکور مرر ڈیزائن (مکعب ڈیزائن) کے سامنے ماڈل کے ریمپ واک کرنے کو دکھایا گیا ہے، ساتھ ایک کانسرٹ کے بھی اسی طرح کے کچھ مناظر دکھائے گئے ہیں۔ اس ویڈیو پر بہت سے لوگ تنقید کر رہے ہیں، اور کہا جا رہا ہے کہ مکعب ڈیزائن خانۂ کعبہ سے ملتا جلتا ہے۔

بعدازاں اس ویڈیو کی حقیقت سے پردہ اٹھ گیا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ویڈیو جعلی ہے اور اسے دو ویڈیوز کو جوڑ کر بنایا گیا ہے، پہلی ویڈیو 2023 میں ہونے والے کشتی کے ایک میچ سے پہلے ہونے والی افتتاحی تقریب کی ہے۔ اسی ویڈیو میں گذشتہ کچھ روز قبل سعودی عرب کے ریاض میں منعقدہ فیشن شو کی ویڈیو کے کچھ سین جوڑ کر یہ تاثر دیا گیا ہے کہ کعبہ کے ماڈل کے سامنے فیشن شو کنسرٹ ہو رہا ہے۔

مصر کے شہر قاہرہ سے تعلق رکھنے والے ایک ریسرچر محمد بن جماعہ نے کچھ پہلووں سے اس تمام معاملے کی حقیقت واضح کی ہے۔ ریاض کا ایونٹ لبنانی فیشن ڈیزائنر ایلی صعب کے فیشن شو پر مشتمل تھا، شو میں پیش کیے گئے ملبوسات کی تحریک روایتی عرب داستان الف لیلہ و لیلہ (ایک ہزار ایک راتیں) سے لی گئی تھی۔ اس تقریب میں کئی مشہور گلوکاراؤں نے شرکت کی، جن میں جینیفر لوپیز، سیلین ڈیون، کیمیلا کابیلو، اور اداکارہ ہیل بیری شامل تھیں۔

جینیفر لوپیز نے اسی لباس میں شرکت کی جو وہ حالیہ بین الاقوامی شوز میں پہنتی رہی ہیں، کیونکہ وہ ایلی صعب کا ڈیزائن تھا۔ اس موقعے کے لیے کوئی خاص برہنگی نہیں تھی اور لوپیز وہی لباس پہن رہی تھیں جو وہ اپنے دیگر شوز میں پہنتی ہیں۔

یوٹیوب پر پورا ایونٹ (تقریباً دو گھنٹے) براہ راست نشر کیا گیا، اور اس میں خانہ کعبہ سے متعلق کوئی تصویر نہیں ہے، نہ قریب سے اور نہ ہی دور سے۔ خانہ کعبہ کے جو کلپ ایڈٹ کر کے اس ویڈیو کے اندر شامل کیے گئے وہ 2023 میں ہونے والے ایک باکسنگ میچ کی تقریب کی افتتاحی تقریب کے ہیں۔

اس تقریب میں اسٹیج پر چار اسکرینیں نصب کی گئی تھیں جن پر مختلف زاویوں سے میچ دکھایا جا رہا تھا، ان تصاویر کو فوٹو شاپ کے ذریعے خانہ کعبہ جیسا بنایا گیا جبکہ مجسمے اور بت فوٹو شاپ کے ذریعے شامل کیے گئے۔ وہ تصویر جس میں ایک ماڈل کاغذی تلوار کے ساتھ دکھائی گئی ہے، وہ نیویارک میں کئی برس پہلے ہونے والے ایک فیشن شو سے لی گئی ہے اور اس کا سعودی عرب سے کوئی تعلق نہیں۔

قرآن کی آیات کے ساتھ میٹل گانے کی ویڈیو بھی جعلی ہے، یہ ویڈیو 2014 میں امریکہ کے ایک میوزک کنسرٹ سے لی گئی ہے، جس کا قرآن یا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ویڈیو کے ساتھ قرآن کی آیات کا آڈیو شامل کر کے اسے بھی ایڈٹ کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے توجہ دلائی گئی ہے کہ یہ فیک ویڈیو ہے۔ تصویر سے معلوم ہوتا ہے کہ شو میں اس طرح کا اسٹیج بنایا گیا ہے کہ اس کی مشابہت خانہ کعبہ سے ہوتی ہے اگر آپ شو کی ویڈیو دیکھیں تو آپ کو ایسا کوئی منظر نظر نہیں آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں