از: ڈاکٹر تبریز حسین تاج
حیدرآباد، تلنگانہ
ٹیلی ویژن محض ایک برقی آلہ یا تفریح کا ذریعہ نہیں، بلکہ انسانی معاشرت، تہذیب، ثقافت، اطلاعات اور اجتماعی شعور کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والا ایک مؤثر ذریعہ ابلاغ ہے۔ اس نے دنیا کو دیکھنے، سمجھنے اور واقعات سے باخبر رہنے کے انداز کو یکسر تبدیل کردیا۔ خبروں کی ترسیل سے لے کر تعلیمی پروگراموں، تفریحی نشریات، ثقافتی سرگرمیوں اور قومی و بین الاقوامی واقعات کی منظرکشی تک، ٹیلی ویژن نے کئی دہائیوں سے انسانی زندگی میں اپنی ایک منفرد جگہ بنائے رکھی ہے۔ اگرچہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا، یوٹیوب اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز نے اطلاعات اور تفریح کے نئے راستے کھول دیے ہیں، تاہم ٹیلی ویژن کی اہمیت اور اس کی سماجی ذمہ داری آج بھی برقرار ہے۔
ہر سال 21 نومبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ ٹیلی ویژن منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ نے 1996 میں منعقدہ پہلے عالمی ٹیلی ویژن فورم کی مناسبت سے اس دن کو عالمی یومِ ٹیلی ویژن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ اس دن کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر اطلاعات کی ترسیل، سماجی ترقی، امن، تعلیم اور عوامی شعور کی بیداری میں ٹیلی ویژن کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
ٹیلی ویژن کا سفر بلیک اینڈ وائٹ نشریات سے شروع ہوکر رنگین نشریات، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ اور اسمارٹ ٹی وی تک پہنچا ہے۔ ہندوستان میں 1959 میں دہلی سے تجرباتی نشریات کا آغاز ہوا۔ ابتدا میں ٹیلی ویژن کو تعلیمی اور سماجی آگاہی کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کیا گیا۔ 1965 میں روزانہ نشریات شروع ہوئیں، جبکہ یکم اپریل 1976 کو دوردرشن نے ایک الگ ادارے کی حیثیت اختیار کی۔ 1982 کے ایشیائی کھیلوں کے موقع پر رنگین ٹیلی ویژن نشریات کا آغاز ہندوستانی نشریاتی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ اس کے بعد 1990 کی دہائی میں سیٹلائٹ نشریات کے فروغ نے علاقائی زبانوں کے چینلز کے لیے نئے امکانات پیدا کیے اور ٹیلی ویژن کو ملک کے طول و عرض میں عام آدمی تک پہنچا دیا۔
*1982 کے ایشیائی کھیل اور ہندوستان میں رنگین نشریات کا آغاز*
ہندوستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ کا ذکر ہو اور 1982 کے ایشیائی کھیلوں کے دوران رنگین نشریات کے آغاز کی بات نہ ہو، یہ ممکن نہیں۔ اس تاریخی تبدیلی کے وقت دوردرشن کے ڈائریکٹر جنرل منظور الامین صاحب تھے، جنہوں نے ہندوستانی ٹیلی ویژن کی ترقی اور اس کے ادارہ جاتی ارتقا میں اہم کردار ادا کیا۔
راقم الحروف کو ماس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم کے کورس کے دوران پروفیسر منظور الامین صاحب سے براہِ راست سیکھنے اور ان کے طویل پیشہ ورانہ تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔ ان کی گفتگو محض تدریسی لیکچر نہیں ہوتی تھی بلکہ ہندوستانی نشریاتی تاریخ کے ان واقعات کی چشم دید روداد ہوتی تھی، جنہوں نے ملک میں ٹیلی ویژن کے مستقبل کی بنیاد رکھی۔
پروفیسر منظور الامین اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے بتایا کرتے تھے کہ ہندوستان میں ٹیلی ویژن کی ابتدائی تشکیل کے دوران ریڈیو سے وابستہ افراد کو منتخب کرکے بی بی سی میں تربیت فراہم کی گئی اور پھر انہیں ٹیلی ویژن کی نشریاتی سرگرمیوں سے جوڑا گیا۔ اس طرح ریڈیو کے تجربے، پیشہ ورانہ تربیت اور جدید نشریاتی تقاضوں کو یکجا کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیلی ویژن کی بنیادوں کو مضبوط کیا گیا۔ 1982 کے ایشیائی کھیلوں کے دوران رنگین نشریات کے آغاز سے متعلق ان کے تجربات اور واقعات سننا ہمارے لیے کسی تاریخی دستاویز کے مطالعے سے کم نہیں تھا۔
اسی دوران ان کی شریکِ حیات محترمہ رفیہ منظور الامین سے بھی ٹیلی ویژن کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے اور سیکھنے کا موقع ملا۔ کیونکہ ان کے کئی پروگرام ٹی وی پر نشر ہوئے تھے۔ یہ دونوں شخصیات ہندوستانی ٹیلی ویژن کی ابتدائی ترقی اور نشریاتی ادارہ سازی کے سفر سے وابستہ اہم ناموں میں شمار ہوتی ہیں۔ ان سے حاصل ہونے والی رہنمائی نے ٹیلی ویژن کو صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک علمی، تخلیقی اور سماجی ذمہ داری کے طور پر دیکھنے کا شعور عطا کیا۔
*24 سالہ براڈکاسٹنگ سفر: تجربات، تربیت اور رہنمائی*
راقم الحروف گزشتہ 24 برسوں سے براڈکاسٹ صحافت کی دنیا سے وابستہ ہے۔ اس طویل سفر میں ٹیلی ویژن کے مختلف شعبوں میں کام کرنے، متعدد پروگرام پیش کرنے اور ناظرین کی پسندیدگی حاصل کرنے کا موقع ملا۔ یہ سفر محض پیشہ ورانہ مصروفیات کا تسلسل نہیں بلکہ مسلسل سیکھنے، تجربات حاصل کرنے اور خود کو بدلتے ہوئے نشریاتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ایک داستان بھی ہے۔
ماس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم کے دوران معروف براڈکاسٹر کبیر احمد صدیقی کی رہنمائی اور ان کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔ ان سے نشریاتی صحافت کے بنیادی اصولوں، پیشکش کے انداز اور پروگرام سازی کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد ملی۔ صدر شعبہ پروفیسر احتشام احمد خان ہمشہ صحافت ، ٹیلی ویژن اور فلمی دنیا سے جڑی بڑی شخصیات کو یونیورسٹی مدعو کیا کرتے تھے۔جس سے ہمیں کافی فائدہ ملا۔
بعد ازاں ای ٹی وی میں خدمات انجام دینے کے دوران پروفیسر مانوی، کاظم شرفی اور سجاد الحسینین جیسی تجربہ کار شخصیات کے ساتھ کام کرنے کا موقع حاصل ہوا۔ اسی طرح دوردرشن سے وابستگی کے دوران سنجوتھامس، امیر احمد خسرو اور ڈاکٹر شجاعت علی صوفی سمیت متعدد نامور شخصیات کے ساتھ پیشہ ورانہ تجربات حاصل ہوئے۔
ان تمام شخصیات کے ساتھ کام کرتے ہوئے ٹیلی ویژن اسکرپٹ رائٹنگ، خبر کی ساخت، زبان و بیان، مواد کی ترتیب، وائس اوور، پروگرام کی پیشکش اور نشریاتی تقاضوں کو قریب سے سیکھنے کا موقع ملا۔ وقت کے ساتھ یہ احساس مزید پختہ ہوتا گیا کہ ٹیلی ویژن صحافت میں محض اچھی آواز یا مؤثر اندازِ پیشکش کافی نہیں، بلکہ موضوع پر گرفت، تحقیق، درست معلومات، زبان کی شائستگی اور ناظرین کی نفسیات کو سمجھنا بھی یکساں اہمیت رکھتا ہے۔ ایک کامیاب ٹیلی ویژن پروگرام کے پس منظر میں صرف اسکرین پر نظر آنے والا چہرہ نہیں ہوتا، بلکہ اس کے پیچھے ایک پوری ٹیم کی محنت شامل ہوتی ہے۔ اسکرپٹ رائٹر، رپورٹر، کیمرہ پرسن، ویڈیو ایڈیٹر، پروڈیوسر، نیوز ایڈیٹر اور تکنیکی عملہ سب مل کر نشریاتی مواد کو ایک مکمل شکل دیتے ہیں۔ ان تمام مراحل سے گزرنے کے بعد ہی کوئی پروگرام ناظرین تک پہنچتا اور ان کے ذہنوں میں اپنی جگہ بناتا ہے۔ جب منصف ٹی وی میں بطور جوائنٹ ایڈیٹر خدمات انجام دینے کا موقع ملا تووہاں روف راہی، حبیب نصیر جیسی فلمی دنیا کی شخصیات سے پلے بیاگ اسکرپٹ سیکھنے کو موقع ملا۔روف راہی کی تحریریں جاسوسی ناولوں کی طرح انتہائی دلچسپ ہوا کرتی تھیں۔
*ڈیجیٹل انقلاب اور ٹیلی ویژن کی بدلتی ہوئی شناخت*
موجودہ دور میں ٹیلی ویژن کو ایک نئے اور غیر معمولی مسابقتی ماحول کا سامنا ہے۔ اسمارٹ فون کی عام دستیابی نے اطلاعات کی ترسیل کو انتہائی تیز رفتار بنادیا ہے۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ہر لمحے سیکڑوں ویڈیوز، خبریں، تبصرے اور اطلاعات گردش کرتی رہتی ہیں۔ تاہم اس تیز رفتار اطلاعاتی ماحول میں افواہوں، غیر مصدقہ خبروں اور ادھوری معلومات کا پھیلاؤ بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔
ایسے حالات میں ٹیلی ویژن کی اصل طاقت اس کی پیشہ ورانہ صحافت، ادارتی نگرانی، حقائق کی جانچ اور جواب دہی میں مضمر ہے۔ ٹیلی ویژن کا مقصد محض سب سے پہلے خبر نشر کرنا نہیں بلکہ درست، مستند اور متوازن معلومات عوام تک پہنچانا بھی ہے۔ سنسنی خیزی، غیر ضروری مباحث اور بلند آہنگی کے بجائے موضوع کے پس منظر، اس کے مختلف پہلوؤں اور عوامی زندگی پر اس کے اثرات کو واضح کرنا ہی حقیقی صحافتی ذمہ داری ہے۔
آج کے ناظرین بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ باخبر اور باشعور ہیں۔ وہ صرف خبر سننا نہیں چاہتے بلکہ یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ کسی واقعے کے پس منظر میں کیا عوامل کارفرما ہیں، اس کے نتائج کیا ہوسکتے ہیں اور اس کا عام آدمی کی زندگی سے کیا تعلق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تجزیاتی پروگراموں، دستاویزی فلموں، خصوصی رپورٹوں اور معیاری معلوماتی نشریات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
*عوامی نشریات اور سماجی ذمہ داری*
ہندوستان میں دوردرشن نے کئی دہائیوں تک عوامی نشریاتی ادارے کے طور پر اہم کردار ادا کیا ہے۔ رامائن، مہابھارت، مالگڈی ڈیز جیسے مقبول پروگراموں نے نہ صرف ناظرین کو تفریح فراہم کی بلکہ ہندوستانی تہذیب، ثقافت، خاندانی اقدار اور سماجی روایات کو بھی اجاگر کیا۔ 1997 میں پرساد بھارتی کے قیام کے بعد ملک کے عوامی نشریاتی نظام کو ایک نئی ادارہ جاتی شناخت حاصل ہوئی۔
قدرتی آفات، انتخابات، قومی اہمیت کے واقعات، کھیلوں کے مقابلوں اور بین الاقوامی پیش رفت کی براہِ راست نشریات کے ذریعے ٹیلی ویژن نے عوام کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دوردرشن کی مفت ڈی ٹی ایچ خدمات نے بھی دور دراز اور سرحدی علاقوں تک اطلاعات اور تفریح کی رسائی کو ممکن بنایا ہے۔
عوامی نشریاتی اداروں کی اصل اہمیت اس بات میں ہے کہ وہ معاشرے کے ہر طبقے، ہر زبان اور ہر خطے کو نمائندگی فراہم کریں۔ تعلیم، صحت، زراعت، خواتین کے مسائل، نوجوانوں کی صلاحیتوں، ثقافتی ورثے اور سماجی ترقی جیسے موضوعات کو مناسب جگہ دینا ان اداروں کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
*مستقبل کا ٹیلی ویژن اور صحافت کے نئے تقاضے*
بلاشبہ ٹیلی ویژن کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور بدلتے ہوئے ناظرین کے رجحانات سے جڑا ہوا ہے۔ روایتی نشریات کے ساتھ اسٹریمنگ، اسمارٹ ٹی وی اور آن لائن ویڈیو پلیٹ فارمز کا امتزاج ایک نئے میڈیا ایکو سسٹم کو جنم دے رہا ہے۔ براہِ راست خبریں، کھیلوں کے مقابلے، قومی تقریبات اور اجتماعی طور پر پروگرام دیکھنے کا تجربہ آج بھی ٹیلی ویژن کو ایک منفرد مقام عطا کرتا ہے۔
تاہم مستقبل کے ٹیلی ویژن کی کامیابی کا انحصار صرف جدید کیمروں، بڑی اسکرینوں اور جدید ترین گرافکس پر نہیں ہوگا بلکہ اس بات پر ہوگا کہ وہ ناظرین کا اعتماد کس حد تک برقرار رکھ پاتا ہے۔ صحافت کی بنیاد سچائی، دیانت داری، غیر جانب داری اور عوامی مفاد پر قائم ہوتی ہے۔ اگر یہ بنیادی اقدار محفوظ رہیں تو ٹیکنالوجی کی ہر نئی تبدیلی ٹیلی ویژن کے لیے ایک نئے موقع میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
گزشتہ 24 برسوں کے براڈکاسٹنگ سفر پر نظر ڈالوں تو محسوس ہوتا ہے کہ ٹیلی ویژن نے مجھے صرف ایک پیشہ ورانہ شناخت ہی نہیں دی بلکہ بے شمار تجربات، علمی مواقع اور قابلِ احترام شخصیات کی رفاقت بھی عطا کی۔ پروفیسر منظور الامین اور محترمہ رفیہ منظور الامین سے حاصل ہونے والی رہنمائی سے لے کر کبیر احمد صدیقی، پروفیسر عبدالرحیم، سید ہاشمی، عابد عبدالوسیع، ڈاکٹر مصطفی علی سروری ، پروفیسر مانوی، کاظم شرفی، سجاد الحسینین، سنجوتھامس، امیر احمد خسرو اور ڈاکٹر شجاعت علی صوفی جیسی شخصیات کے ساتھ کام کرنے کے تجربات تک، یہ پورا سفر سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک مسلسل عمل رہا ہے۔
ٹیلی ویژن کی دنیا میں گزرا ہوا یہ عرصہ اس حقیقت کا گواہ ہے کہ نشریاتی صحافت محض ایک ملازمت یا پیشہ نہیں بلکہ عوام کے اعتماد کی امانت ہے۔ وقت کے ساتھ ٹیکنالوجی بدلتی رہے گی، نشریات کے ذرائع تبدیل ہوتے رہیں گے اور ناظرین کے رجحانات میں بھی تبدیلی آتی رہے گی، لیکن مستند معلومات، معیاری صحافت اور سماجی ذمہ داری کی اہمیت کبھی کم نہیں ہوگی۔عالمی یومِ ٹیلی ویژن دراصل اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ٹیلی ویژن کو محض تفریح اور خبروں کا ذریعہ بنانے کے بجائے علم، آگاہی، مکالمے، سماجی ہم آہنگی اور مثبت تبدیلی کا مؤثر وسیلہ بنایا جائے۔ یہی اس عظیم نشریاتی میڈیم کی حقیقی معنویت اور آنے والی نسلوں کے لیے اس کا سب سے قیمتی ورثہ ہوگا۔


