حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسپیکر اسمبلی کو پارٹی سے منحرف ہونے والے ارکان کے خلاف مناسب وقت پر کاروائی کرنے کی ہدایت دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انتخابات کے بعد پارٹی سے منحرف ہونے والے ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کی اپیل کرتے ہوئے دائر کی گئی درخواستوں پر آج تلنگانہ ہائیکورٹ نے فیصلہ سنایا۔
عدالت نے اسپیکر کو اس سلسلہ میں مناسب وقت پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس پر مشتمل بنچ نے منحرف ایم ایل اے کی نااہلی کی درخواست پر سنگل جج کی جانب سے دیئے گئے فیصلہ کو رد کردیا۔ اینٹی ڈیفیکشن ایکٹ کے مطابق اسپیکر کو اسمبلی کی پانچ سالہ میعاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ لینا چاہیے۔ چیف جسٹس آلوک ارادے اور جسٹس جے سرینواس راؤ پر مشتمل دو ججوں کی بنچ نے آج یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت کے فیصلہ کے بعد منحرف ارکان اسمبلی کو راحت ملی ہے۔
انتخابات کے بعد بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کوشک ریڈی اور کے پی وویکانند نے کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے تھے تاہم اس کے بعد کڈیم سری ہری، ٹی وینکٹ راو اور دانم ناگیندر نے بھی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی جبکہ انہوں نے گذشتہ انتخابات میں بی آر ایس کے ٹکٹ پر انتخابات میں مقابلہ کیا اور جیت حاصل کی تھی۔ بی آر ایس نے منحرف ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ اس کے علاوہ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر مہیشور ریڈی نے بھی دانم ناگیندر کے خلاف ایک اور عرضی دائر کی تھی۔