حیدرآباد : ملک پیٹ میٹرو اسٹیشن کے نیچے گاڑیوں کو آگ لگانے والا ملزم گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) ملک پیٹ میٹرو اسٹیشن کے نیچے متعدد بائیکس کو آگ لگانے کے الزام میں چادر گھاٹ پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر راجو نے بتایا کہ 32 سالہ ذاکر محمد عرف فنٹا جو ممبئی کا رہنے والا ہے، وہ 8 سال قبل حیدرآباد آیا اور یہیں رہنے لگا۔

ذاکر چادر گھاٹ علاقہ میں مزدوری کررہا تھا اور رات کے اوقات میں ملک پیٹ میٹرو اسٹیشن کے نیچے سو جاتا تھا۔ نشہ کی لت کا شکار ذاکر نے بغیر کسی وجہ گاڑیوں کو آگ لگادی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ذاکر کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 6 دسمبر کو ملک پیٹ میٹرو اسٹیشن کی سیڑھیوں کے نیچے کھڑی دو پہیہ گاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جبکہ اس واقعہ میں 5 گاڑیاں پوری طرح جلکر خاکستر ہوگئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی۔ اس دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں ذاکر کو بائیکس کو آگ لگاتے دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق ذاکر نے اس سے پہلے بھی دبیر پورہ پولیس اسٹیشن حدود میں گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں