حیدرآباد: محکمہ موسمیات کی جانب سے جاریہ موسم سرما کے دوران پہلی بار آئندہ تین دنوں کےلئے اورنج الرٹ جاری کرکے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا انتباہ دیا۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے اور شہر حیدرآباد میں دو دن تک شدید سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری تک کمی کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
شدید سردی کی لہر سے تلنگانہ کے متعدد اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے، اتوار تک کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس تک گرنے کا بھی امکان ہے۔
آئی ایم ڈی حیدرآباد نے پانچ اضلاع کے لئے الرٹ جاری کرکے شدید سری کی پیش گوئی کی ہے۔ عادل آباد، آصف آباد، منچیریال اور نرمل اضلاع میں درجہ حرارت میں سب سے زیادہ کمی درج کی جائے گی۔
بدھ کو عادل آباد میں سب سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ نرمل، میدک اور سنگاریڈی سمیت دیگر اضلاع میں بھی درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہا، جس سے موسم سرما میں شدت پیدا ہو گئی۔
حیدرآباد میں موسم کی پیشن گوئی
حیدرآباد میں موسم سرما کے درمیان، آئی ایم ڈی نے 15 دسمبر تک صبح کے اوقات کے دوران جزوی طور پر آسمان ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے، صبح اور رات کے وقت دھند چھائی رہے گی۔ حیدرآباد میں کل ماریڈ پلی میں سب سے کم، کم سے کم درجہ حرارت 12.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دیگر علاقوں جیسے بہادر پورہ، گولکنڈہ، مشیرآباد اور مونڈا مارکٹ میں کم از کم درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس سے کم درج کیا گیا۔
سردی کی لہر کے دوران احتیاطی تدابیر
حکام نے سردی کے درجہ حرارت میں اضافے کے باعث محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ جیسا کہ تلنگانہ درجہ حرارت میں مزید کمی کے لیے تیار ہے، آئی ایم ڈی حیدرآباد کا اورنج الرٹ رہائشیوں پر زور دیتا ہے کہ وہ سردیوں کی شدت کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ صبح سویرے اور دیر شام کے اوقات میں، خاص طور پر متاثرہ اضلاع میں اضافی دیکھ بھال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔