سینئر جج سوجوئے پال، تلنگانہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مقرر

حیدرآباد (دکن فائلز) سینئر جج سوجوئے پال کو تلنگانہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔ جسٹس سوجوئے پال کی تقرری چیف جسٹس آلوک ارادے کے بمبئی ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے طور پر تبادلے کے بعد ان کی جگہ ہوئی ہے۔

جسٹس سوجوئے پال کو 18 مارچ 2024 کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے تبادلہ کرنے کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ میں بطور جج مقرر کیا گیا تھا۔ تلنگانہ ہائیکورٹ میں وہ اس وقت سب سے سینئر جج ہیں۔ 21 جون 1964 کو پیدا ہونے والے جسٹس سوجوئے پال نے بی کام، ایم اے اور ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے 1990 میں مدھیہ پردیش بار کونسل میں داخلہ لیا۔ ان کی تعلیم پنڈت ایل ایس جھا ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول میں ہوئی جبکہ مدھیہ پردیش کی رانی درگاوتی یونیورسٹی، جبل پور سے گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور ایل ایل بی مکمل کیا۔

جسٹس سوجوئے پال نے قانون میں اپنے کیریئر کا آغاز 1990 میں مدھیہ پردیش کی بار کونسل کے وکیل کے طور پر کیا۔ وہ 2011 میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں بطور ایڈیشنل جج مقرر ہوئے۔ پریم کورٹ کالجیم میں ان کی درخواست پر انہیں تلنگانہ ہائی کورٹ منتقل کر دیا گیا کیونکہ ان کے بیٹے نے اسی عدالت میں بطور وکیل پریکٹس شروع کر دی تھی۔

قبل ازیں جولائی 2023 میں تلنگانہ کے چیف جسٹس کے طور پر آلوک ارادے کو مقرر کیا گیا تھا، اب ان کا تبادلہ کرکے ممبئی ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں