حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے ٹینک بینڈ کے قریب واقع درگاہ حضرت محمد خواجہ حسن الدین قادری چشتیؒ میں ایک نامعلوم شخص کی جانب سے رات کے اوقات میں گھس کر قرآن پاک کے نسخے اور دیگر مذہبی کتابوں کی بیحرمتی کرنے کا واقعہ منظر عام پر آگیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان نے فوری طور پر درگاہ پہنچ کر معائنہ کیا۔ اس دوران درگاہ کمیٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔ اطلاعات کے مطابق درگاہ کمیٹی کے ارکان نے دومل گوڑہ پولیس اسٹیشن میں واقعہ کی شکایت کی لیکن 24 گھنٹوں سے زیادہ گذرنے کے باوجود اس معاملہ میں ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صفائی کی تاہم ملزم کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://www.facebook.com/Deccanfiles1/videos/2056333074792342
امجد اللہ خان نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا اور پولیس پر تساہلی سے کام لینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی مصروف ترین سڑک جہاں چپے چپے پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں انتہائی ناگوار واقعہ پیش آیا اور ابھی تک پولیس نے ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔ انہوں نے کمشنر پولیس سی وی آنند سے واقعہ کی مکمل انکوائری اور ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھینس پہنچی ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق درگاہ میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ کچھ روز قبل بھی درگاہ میں گھس کر نامعلوم شخص نے قرآن پاک کے نسخوں کی بیحرمتی کی تھی۔