حیدرآباد میں چوری کی حیرت انگیز واردات، چوروں نے روڈ رولر پر ہی ہاتھ صاف کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے حیدرآباد میں چوروں نے تو حد ہی کردی۔۔۔ جی ہاں اب چوروں نے سونا، نقدی، موٹر سائیکل، کار یا کوئی قیمتی سامان چوری نہیں کیا بلکہ انہوں نے روڈ رولر پر بھی اپنا ہاتھ صاف کرکے پولیس کو حیرت زدہ کردیا۔ میڈیا رپوٹس کے مطابق حیرت انگیز چوری کا واقعہ جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق گلبرگہ کے افروز اور مصطفی نے آسانی سے پیسہ کمانے کی نیت سے چوری کرنا شروع کیا، انہوں نے گذشتہ پیر کی رات بالا نگر کے ایک سنسان علاقے میں کھڑے روڈ رولر پر دیکھا اور اسے چوری کرنے کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے دو بڑی کرینیں لائیں اور ان کی مدد سے روڈ رولر کو ڈی سی ایم میں لاد کر مہاراشٹر کی طرف جانے لگے۔

جب مالک کو روڈ رولر کی چوری کا پتہ چلا تو اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے بڑے پیمانہ پر تلاشی شروع کی اور 64 سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی گئی۔ پولیس نے تلاشی کاروائی کے دوران روڈ رولر کو ضبط کرلیا۔ چوری کے اس معاملے میں افروز، محمد ابراہیم، شیخ انور، اور بالا رام ستیہ نارائنا کو گرفتار کرلیا جبکہ سعید مصطفی فرار ہے۔

تاہم، پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ملزم نے چوری شدہ روڈ رولر کو مہاراشٹر میں ایک اسکریپ شاپ پر فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں