حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں گویلان بررے سینڈروم Guillain-Barré Syndrome (GBS) کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے سدی پیٹ منڈل کی ایک خاتون میں جی بی ایس مرض کی تشخیص کی ہے۔ خاتون فی الحال ایک نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں قبل ازیں ایک سو جی بی ایس کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔ مہاراشٹر میں پچھلے چند دنوں میں Guillain-Barre Syndrome (GBS) کے کیسز کی تعداد میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ ڈاکٹروں نے انکشاف کیا ہے کہ وائرل اور بیکٹیریل انفیکشن کی وجہ سے کمزور مدافعتی نظام والے افراد میں جی بی ایس سے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ یہ ایک غیر معمولی حالت ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام، انفیکشن کا جواب دیتے ہوئے، غلطی سے اعصاب پر حملہ کرتا ہے۔
جی بی ایس سے متاثر مریض پورے جسم میں بے حسی محسوس کرتے ہیں۔ پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مرض کی علامات میں اسہال، پیٹ میں درد، بخار اور قے شامل ہیں۔ یہ بیکٹیریا آلودہ خوراک اور پانی کے ذریعے پھیلتا ہے۔ تاہم، یہ وضاحت کی گئی کہ یہ متعدی مرض نہیں ہے اور علاج سے ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔