مصروف ترین سڑک پر دن دیہاڑے بیٹے نے باپ کا قتل کردیا! حیدرآباد میں دل دہلادینے والا واقعہ

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں دن دیہاڑے اور سرعام قتل کے بے شمار واقعات ہوئے ہیں لیکن تازہ طور پر ایک بیٹے نے اپنے سوتیلے باپ کو سرعام اور دن دیہاڑے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے ملکاجگیری میں ایک بیٹے نے مصروف ترین سڑک پر سب کے سامنے چاقو سے حملہ کرکے اپنے سوتیلے باپ کا قتل کردیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔

سرعام ہوئے قتل کے واقعہ کے وقت سڑک پر متعدد لوگ تھے لیکن کسی نے بچانے کی یا مداخلت کرنے کی ہمت نہیں کی۔ یہ واقعہ 21 فروری کو شام 4:48 بجے کشائی گوڑہ پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ مین روڈ پر لالہ پیٹ کے رہنے والے سائی کمار نے اپنے سوتیلے باپ موگیلی کا پیچھا کیا اور اس پر چاقو سے حملہ کرکے بے دردی سے قتل کردیا۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں قید ہوگیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی شخص کو قریبی اسپتال منتقل کیا، ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ زیر علاج شخص کی آج 22 فروری کو ہسپتال میں موت ہوگئی۔

ملزم سائی کمار نے اعتراف کیا کہ اس نے غصہ میں آکر اپنے باپ کا قتل کردیا، کیونکہ وہ ہر وقت نشہ میں رہتا تھا جس کی وجہ سے اسے مالی پریشانیوں کا سامنا تھا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ بیٹے نے حملہ کرکے باپ کے پیٹ میں 10 سے 15 وار کئے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں