حیدرآباد (راست) جامعہ اسلامیہ دارالعلوم فرقانیہ بمراس پیٹ، مدرسہ محمدیہ تجوید القرآن ناگارم، جامعہ اسلامیہ تعلیم القرآن، مولا علی ضلع ملکاجگری میں الحاج حافظ پیر شبیر احمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک پُرنور دعائیہ محفل منعقد کی گئی۔
اس موقع پر اساتذہ و طلباء جامعہ نے الحاج حافظ پیر شبیر احمد صاحب کی دینی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی پوری زندگی دینِ متین کی خدمت، علمِ قرآن کی اشاعت، اور امت کی اصلاح کے لیے وقف فرمائی۔ آپ کی علمی بصیرت، تقویٰ و للّٰہیت اور جمعیت علماء کے پلیٹ فارم سے ملت کے لیے کی گئی بے مثال خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، اس کے بعد مختلف اساتذہ نے مرحوم کی سیرت اور خدمات پر مختصر مگر پُراثر گفتگو فرمائی۔اس طرح تقریبا 25/ سے زائد مدرس اسلامیہ میں مرحوم کےلئے ختم قرآن و دعائیں نشت کا اہتمام کیا گیا اور آخر میں تمام شرکاء نے حافظ پیر شبیر احمد صاحبؒ کے بلندیِ درجات، مغفرتِ کاملہ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے اجتماعی دعا کی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی قبر کو نور سے منور فرمائے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔