آوارہ کتوں نے بائیک پر جارہے نوجوان پر حملہ کردیا، بچنے کی کوشش میں ٹکر، فاضل کی المناک موت سے علاقے میں غم کی لہر

حیدرآباد (دکن فائلز) اننت پور ضلع کے رائچوٹی میں پیش آنے والے دلخراش حادثے نے پورے علاقے کو غمزدہ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق لکشمی پورہ کے رہائشی فاضل (25) اپنی موٹر سائیکل پر گلیویڈُو روڈ سے گزر رہے تھے کہ اچانک سڑک پر موجود آوارہ کتّوں نے ان پر حملہ کردیا اور پیچھا کرنے لگے۔

پولیس کے مطابق جب فاضل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے قریب پہنچے تو کتّوں کے تعاقب سے بچنے کے لیے فاضل نے موٹر سائیکل کی رفتار تیز کی، کتوں سے بچنے کی کوشش میں کوشش میں ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ راماپورم روڈ پر واقع ایک مندر کی دیوار سے ٹکرائے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ فاضل موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

فاضل مقامی ٹرنک روڈ پر فرنیچر کی دکان چلاتے تھے اور اپنے والدین کے ساتھ زندگی بسر کر رہے تھے۔ حادثے کے وقت وہ دکان کا سامان دوسرے احاطے میں منتقل کرکے گھر واپس جا رہے تھے۔ اچانک پیش آنے والی اس المناک موت نے اہل خانہ، دوستوں اور علاقے کے لوگوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مقامی عوام نے سڑکوں پر بڑھتے آوارہ کتّوں کے خطرے پر حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں