مسجد الحرام میں خودکشی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی اہلکار نے جان پر کھیل کر ایک شخص کی جان بچالی (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز ویب ڈیسک) مسجد الحرام میں خودکشی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی اہلکار نے جان پر کھیل کر ایک شخص کی جان بچالی (ویڈیو دیکھیں)

مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجد الحرام میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم مسجد حرم کی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کی جان بچا لی۔ اس دوران ایک سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص بالائی منزل کی منڈیر کے قریب کھڑا ہے اور نیچے موجود سیکیورٹی اہلکار پوری تیزی سے اسے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ چھلانگ کے لمحے میں اہلکار نے جان کی پرواہ کیے بغیر اسے روکنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں اہلکار کو فریکچر آئے۔

مکہ ریجن کی امارت نے ایک بیان میں کہا کہ مسجد الحرام کی خصوصی سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پایا اور تمام قانونی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔ دونوں افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:

سعودی وزارت داخلہ اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گزاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔ بعد ازاں مسجد الحرام کے چیف امام شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے واقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے زائرین سے مسجد کی حرمت کا احترام کرنے، اس کے قوانین پر عمل کرنے اور عبادت پر توجہ مرکوز رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: “اپنے آپ کو اپنے ہاتھوں ہلاکت میں نہ ڈالو” اور واضح کیا کہ انسانی جان کا تحفظ اسلامی تعلیمات کا بنیادی اصول ہے۔

کیٹاگری میں : اہم

اپنا تبصرہ بھیجیں