حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے مصروف ترین علاقے کوٹھی بینک اسٹریٹ میں ہفتہ کی صبح اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے مرکزی دفتر کے قریب واقع اے ٹی ایم کے پاس مسلح نامعلوم لٹیروں نے فائرنگ کرتے ہوئے 6 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی۔ اس واقعہ میں ایک شخص گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق یہ واردات آج صبح تقریباً 7 بج کر 8 منٹ پر پیش آئی۔ زخمی کی شناخت سید زاہد اللہ قادری کے طور پر ہوئی ہے، جو 6 لاکھ روپے نقد رقم جمع کروانے کے لیے ایس بی آئی کوٹھی برانچ پہنچا تھا۔ جیسے ہی وہ اے ٹی ایم کے قریب موجود تھا، ایک ایکٹیوا اسکوٹر پر سوار دو نامعلوم افراد وہاں پہنچے اور اچانک اس کے ہاتھ سے رقم سے بھرا بیگ چھین لیا۔
متاثرہ شخص نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجہ میں اسے ٹانگ میں گولی لگی۔ فائرنگ کے باعث بینک عملے اور وہاں موجود عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واردات کے فوراً بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سلطان بازار پولیس اور بی سی-3 پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ زخمی شخص کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت مستحکم ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بینک اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔ شہر کے عین وسط میں صبح سویرے پیش آنے والے اس واقعے نے مقامی لوگوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا، جبکہ مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔


