حیدرآباد (دکن فائلز) سوشل میڈیا پر ریلز بنانے کا بڑھتا ہوا رجحان نوجوانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔ لائکس اور ویوز کی دوڑ میں شامل ہو کر نوجوان سڑکوں کو اسٹنٹس کا میدان بنا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف عام شہری خوفزدہ ہو رہے ہیں بلکہ قیمتی جانیں بھی ضائع ہو رہی ہیں۔ ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ آندھرا پردیش کے کڑپہ شہر میں پیش آیا، جس نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔
کڑپہ شہر کی ایئرپورٹ روڈ پر نوجوان بائیک پر خطرناک کرتب کرتے ہوئے تیز رفتاری، وہیلنگ اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے ذریعہ سڑک پر چلنے والے مسافروں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے تھے۔ سامنے آنے والی ویڈیوز اتنی ہولناک ہیں کہ والدین اپنے بچوں کو سڑک پر بھیجنے سے پہلے کئی بار سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مبارک نامی ایک نوجوان اپنے ایک ساتھی کے ساتھ آدھی رات تقریباً ایک بجے ریلز بنانے کے لیے بائیک رائیڈ کر رہا تھا۔ اسی دوران بائیک بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ شدید حادثے میں مبارک بائیک سے نیچے گر گیا اور موقع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دوسرے نوجوان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جسے بہتر علاج کے لیے بنگلور منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے مسلسل نگرانی اور ڈرون کے ذریعے گشت کے باوجود کچھ نوجوان اپنی حرکات سے باز نہیں آ رہے۔ شہریوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، جبکہ پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریلز کے جنون میں مبتلا نوجوانوں کی کونسلنگ کی جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کو روکا جا سکے۔


