اتر پردیش میں بی جے پی لیڈروں پر غنڈہ گردی کا الزام، ووٹر لسٹ سے مسلم شہریوں کے نام ہٹانے کا دباؤ، سرکاری عہدیدار کو بنایا تشدد کا نشانہ اور خطرناک دھمکیاں

حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش میں اسپیشل انٹینسو ریویژن (SIR) کے دوران ووٹر فہرستوں سے مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کے نام زبردستی حذف کرانے کے الزامات نے انتخابی شفافیت اور جمہوری اقدار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ دی ہندوستان گزٹ کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے مختلف اضلاع سے موصول اطلاعات کے مطابق کئی بوتھ لیول افسران (BLOs) نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی سے وابستہ مقامی رہنماؤں نے ان پر دباؤ ڈالا، تشدد کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

مسلم مرر کی رپورٹ کے مطابق اٹاوہ ضلع کے چوبیہ رام پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے BLO اشونی کمار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں وہ روتے ہوئے بتاتے نظر آتے ہیں کہ کس طرح بی جے پی رہنماؤں نے ان پر مسلم ووٹروں کے نام فہرست سے ہٹانے کا دباؤ ڈالا۔

اشونی کمار، جو پیشے سے استاد ہیں اور بوتھ نمبر 323 (منج) پر تعینات تھے، کے مطابق جب وہ الیکشن کمیشن کے نوٹس تقسیم کر کے واپس جا رہے تھے تو ایک کار نے انہیں روکا۔ کار میں سوار افراد نے، جن کا تعلق مبینہ طور پر بی جے پی سے تھا، فارم تھما کر مطالبہ کیا کہ وہ مسلم ووٹروں کے نام فوراً حذف کریں۔

کمار کے مطابق جب انہوں نے کہا کہ ووٹروں کی پہلے ہی تصدیق ہو چکی ہے اور زیادہ تر لوگ وہیں مقیم ہیں، تو ان پر تشدد کیا گیا۔ اشونی کمار نے ویڈیو میں الزام لگایا کہ “میرا موبائل توڑ دیا گیا، کالر پکڑ کر مارا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں،”

انہوں نے چوبیہ تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی جا رہی ہے، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔ اسی طرح امیٹھی میں ایک خاتون BLO اور ان کے شوہر راکش کمار موریہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے ضلعی صدر نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ اقلیتی اور پسماندہ ذات کے ووٹروں کے نام حذف کریں۔ موریہ کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو انہیں بھی زد و کوب کیا گیا اور موبائل چھین لیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (SDM) کو شکایت دی۔

سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ان واقعات کو جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا: “بی جے پی اور اس کے اتحادی مجرموں کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں۔ BLOs کو دھمکا کر PDA سماج، خاص طور پر اقلیتوں کے ووٹ ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ سپریم کورٹ کو فوری مداخلت کرنی چاہیے۔”

انہوں نے مطالبہ کیا کہ SIR کے دوران فارم 7 کے استعمال پر فوری پابندی لگائی جائے، اب تک جمع شدہ تمام فارم منسوخ کیے جائیں، اور BLOs کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کر کے فاسٹ ٹریک سماعت کی جائے۔ بی جے پی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کسی غیر قانونی عمل کی حمایت نہیں کرتی، جبکہ ریاستی الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انتخابی عمل شفاف اور منصفانہ رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں