مکہ مکرمہ میں پانچویں صدی ہجری کا نایاب قرآنی نسخہ نمائش کیلئے پیش، کشتی نما خطاطی نے سب کو حیران کر دیا

حیدرآباد (دکن فائلز ویب ڈیسک) مکہ مکرمہ میں واقع حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے قرآن میوزیم میں اسلامی فنِ خطاطی کی ایک نادر مثال پیش کی گئی ہے، جہاں پانچویں صدی ہجری کے ایک قیمتی اور تاریخی قرآنِ کریم کے نسخے کو نمائش کیلئے رکھا گیا ہے۔

یہ نایاب نسخہ اپنی منفرد کشتی نما خطاطی کے باعث خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جو اسلامی فنون میں تخلیقی مہارت کی اعلیٰ مثال پیش کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس تاریخی نسخے کی نمایاں خصوصیات یہ ہیں کہ یہ 6 رقوق (چمڑے کے صفحات) پر تحریر ہے، اندلسی خط میں کتابت کی ہے جس میں سورہ الزخرف کی آیات شامل ہے اور پانچویں صدی ہجری سے تعلق رکھتا ہے۔

یہ نسخہ اس دور کے فنِ خطاطی، تزئین و آرائش اور علمی روایت کی عکاسی کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نسخہ نہ صرف مذہبی بلکہ ثقافتی ورثہ بھی ہے، جو صدیوں پر محیط اسلامی فنون کی ترقی اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

قرآن میوزیم کی جانب سے اس نمائش کا مقصد نئی نسل کو اسلامی تاریخ، خطاطی اور علمی ورثے سے روشناس کرانا ہے۔ یہ نادر نمائش مکہ مکرمہ آنے والے زائرین اور محققین کیلئے خصوصی دلچسپی کا باعث بن گئی ہے اور اسلامی فنِ کتابت کی عظمت کو اجاگر کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں