حیدرآباد (دکن فائلز) فلسطینی عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا ہے، جس میں تقریباً 1200 عازمین شامل ہیں۔ رواں سال تقریباً 6600 فلسطینی فریضۂ حج ادا کریں گے، جن میں مصر میں موجود غزہ کی پٹی کے تقریباً 700 عازمین بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت اوقاف و مذہبی امور کے حکام نے سعودی حکومت، وزارت حج و عمرہ اور حج انتظامیہ کی جانب سے فلسطینی عازمین کے لیے کیے گئے انتظامات کی ستائش کی۔ ان کے مطابق مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں فلسطینی عازمین کو بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
غزہ کے حالات کے پیش نظر ان عازمین کی روانگی کو انتہائی اہم اور جذباتی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ عازمین نے سعودی عرب پہنچنے پر خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ، خصوصاً فلسطینی عوام پر رحم و کرم فرمائے۔


