قرآن پاک نذرِ آتش کرنے کی کوشش کرنے والے ملعون شخص پر مرد مجاہد اسپائیڈر مین کا حملہ، مخالف اسلام مظاہرہ کے خلاف مسلمانوں کا زبردست احتجاج

حیدرآباد (دکن فائلز) امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر منیاپولس میں قرآن پاک نذرِ آتش کرنے کی مبینہ کوشش کرنے والے شدت پسند جیک لینگ کی جانب سے منعقدہ اسلام مخالف ریلی کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ سٹی ہال کے باہر سینکڑوں مخالف مظاہرین جمع ہوگئے، جس کے بعد ریلی کے شدت پسند شرکا اور پرامن مظاہرین کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی اور پولیس کو صورتحال پر قابو پانے کے لیے مداخلت کرنا پڑی۔

شدت پسند ملعون جیک لینگ، جسے کیپیٹل ہل پر 6 جنوری کے حملے سے متعلق ایک متنازعہ کردار ادا کرنے والے کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے، اپنے کچھ شدت پسدن ساتھیوں کے ہمراہ سٹی ہال پہنچا تھا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں گاڑیوں نے فٹ پاتھ کے ذریعے سٹی ہال کے قریب پہنچنے کی کوشش کی، جس پر وہاں موجود مخالف مظاہرین نے شدید احتجاج کیا۔

کشیدگی کے دوران مظاہرین کی جانب سے گاڑیوں پر پانی کے غبارے، بوتلیں اور دیگر اشیا پھینکے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ اسی دوران اسپائیڈر مین کا لباس پہنے ایک شہری گاڑی کے پچھلے حصے پر چڑھ گیا اور مبینہ طور پر گاڑی میں موجود افراد تک پہنچنے کی کوشش کی۔

ہنگامے کے دوران دونوں جانب سے مرچوں کے اسپرے کے استعمال کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جس کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ منیاپولس کے عارضی پولیس چیف بل پیٹرسن نے پریس کانفرنس میں واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں گاڑیاں اچانک اور تیزی سے فٹ پاتھ کے راستے سٹی ہال کے قریب پہنچیں، جس کے بعد ہجوم اور گاڑیوں میں موجود افراد کے درمیان فوری طور پر تصادم کی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہجوم کے درمیان کسی شخص کو گرفتار کرنا محفوظ نہیں تھا، اس لیے پولیس نے پہلے گاڑیوں کو وہاں سے نکالنے اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کو ترجیح دی۔ پولیس چیف کے مطابق بعد میں ریاستی پولیس کی مدد سے دونوں گاڑیوں کو روکا گیا اور ذمہ دار افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

منیاپولس کے میئر جیکب فرے نے کہا کہ کوئی بھی شخص اگر فٹ پاتھ پر گاڑی چلا کر عوامی تحفظ کے لیے خطرہ پیدا کرے گا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج یا سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن عوامی مقامات پر لوگوں کی جان و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

فریڈم روڈ سوشلسٹ آرگنائزیشن کے منتظم جے یٹس نے پولیس کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی سرگرمیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر ایسی سرگرمیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عوام متحد ہوکر ان عزائم کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

واقعہ کے بعد ملعون جیک لینگ کو ہینپین کاؤنٹی جیل منتقل کردیا گیا، جہاں اسے ضمانت کے بغیر رکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں