آنجہانی پوپ فرانسس کی خفیہ ڈائری منظرِ عام پر: زندگی میں تین بار شیطان اور ایک مرتبہ ’جہنم کے دروازے‘ دیکھنے کا تہلکہ خیز انکشاف

حیدرآباد (دکن فائلز) کیتھولک عیسائیوں کے آنجہانی روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری کے حیرت انگیز اقتباسات پہلی مرتبہ منظرِ عام پر آ گئے ہیں، جن میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں اپنی زندگی میں تین مرتبہ شیطان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک موقع پر انہوں نے ’جہنم کے دروازے‘ بھی دیکھے تھے۔
آنجہانی پوپ کی یہ نجی تحریریں ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز کی مرتب کردہ نئی کتاب ’دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس‘ میں شائع کی گئی ہیں۔ اس کتاب میں وہ ذاتی مشاہدات اور روحانی تجربات شامل کیے گئے ہیں جو پوپ فرانسس نے 1992 سے 2024 کے طویل عرصے کے دوران سیاہ پلاسٹک کی جلد والی اپنی ایک ڈائری میں قلم بند کیے تھے۔
ویٹیکن کے نظریاتی امور کے شعبے کے سربراہ کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق، پوپ فرانسس نے خود ان سے کہا تھا کہ وہ ان کی اس ڈائری کے مندرجات کو دنیا کے سامنے لانے میں مدد کریں۔ رپورٹ کے مطابق، گزشتہ برس پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد کارڈینل فرنانڈیز نے نئے پوپ لیو چہاردہم سے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ اگر یہ تحریریں محفوظ نہ کی گئیں تو ڈائری کسی گودام میں پڑی ضائع ہو سکتی ہے، جس پر انہیں اس کے اقتباسات شائع کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
کتاب کے فرانسیسی ایڈیشن کی ایڈوانس کاپی سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق، پوپ فرانسس نے 24 جنوری 2021 کو اپنی ڈائری میں تحریر کیا تھا کہ انہیں ایسے تین واقعات اچھی طرح یاد ہیں جب انہیں یقین تھا کہ شیطان جسمانی صورت میں ان کے سامنے آیا۔ ان کے بقول، یہ واقعات دو مرتبہ اس وقت پیش آئے جب وہ بیونس آئرس کے آرچ بشپ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، جبکہ تیسرا واقعہ چلی کے دورے کے بعد روم میں ایک ملاقات کے دوران رونما ہوا۔
آنجہانی پوپ نے اپنی ڈائری میں ان تینوں واقعات کی تفصیل یوں بیان کی ہے:
* پہلا واقعہ: انہوں نے لکھا کہ تقریباً 15 برس قبل جب وہ کار میں اپنے گھر جا رہے تھے تو انہوں نے کھڑکی سے شیطان کو دیکھا، اور وہ اس کی خوفناک مگر پُرکشش آنکھوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
* دوسرا واقعہ: دوسرے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے تحریر کیا کہ ایک گرجا گھر (چیپل) کے اندر عبادت کے دوران شیطان نے انہیں ایسی شعلہ بار آنکھوں سے دیکھا جو آگ کے شعلوں کی مانند تھیں۔
* تیسرا واقعہ: تیسرے واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ روم میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران انہوں نے نہ صرف شیطان کو دیکھا بلکہ اس کی آواز بھی سنی۔
اس کے علاوہ آنجہانی پوپ فرانسس نے 7 جون 2018 کی ایک تحریر میں یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ اس سے ایک رات قبل جب وہ سونے کی تیاری کر رہے تھے تو انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے ’جہنم کے دروازے‘ دیکھے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں