حیدرآباد (دکن فائلز) انقلاب کی ایک رپورٹ کے مطابق جلگاؤں کے مولانا عبدالرزاق اینگلو اُردو ہائی اسکول میں 22 نومبر کو ایک منفرد اور یادگار تقریبِ ملاقات کا انعقاد کیا گیا، جس میں 1982ء کے ایس ایس سی (SSC) بیچ کے سابق طلبہ نے شرکت کی اور تقریباً 44 سال بعد اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھ کر اسکولی دور کی حسین یادوں کو تازہ کیا۔
اسکول ہٰذا کے خوبصورت آڈیٹوریم میں منعقدہ اس تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ پروگرام کی غرض و غایت پیش کرتے ہوئے محمد عاصم جلگانوی نے کہا کہ ’’یہ ملاقات محض ایک رسمی ملاقات نہ بنے، بلکہ اس کے ذریعے نیا عزم اور نیا حوصلہ پیدا کیا جائے، نیز فلاحی و تعلیمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی بھرپور کوششیں کی جائیں۔‘‘
قبل ازیں گلاب بابا باغبان، شکیلہ حمید، مشرف غفور اور انور غلام نبی نے تمام شرکاء کا گلدستہ پیش کر کے پُرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں مختار قدرت نے مجاہد جلگانوی کا تحریر کردہ ’’ترانۂ اینگلو‘‘ اپنی مترنم آواز میں پیش کر کے محفل میں سماں باندھ دیا۔
نور محمد چاچا جونیئر کالج، جلگاؤں کے سابق ہردلعزیز معلم محمد ناصر عبدالنبی (پونے) نے 1982ء کے بیچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سبکدوشی کے بعد ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنے کے بجائے خود کو تعلیمی، سماجی اور دینی کاموں میں مصروف رکھنا بہت ضروری ہے۔ حالات جیسے بھی ہوں، عمر کے کسی بھی پڑاؤ پر ہر فرد کو اپنے حصے کا دیا روشن کرنا ہی ہوگا۔ ہمیں قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنا اور سمجھنا ہوگا اور اس کی آیتوں پر غور و فکر کرنا ہوگا۔‘‘
اس موقع پر جمیل اظہر نے اپنے زمانۂ طالب علمی کے واقعات نہایت دلچسپ انداز میں بیان کیے۔ تقریب کی ایک خاص بات رئیسہ خمار آرزو کے افسانوی مجموعے ’’نقوشِ حیات‘‘ کی رسمِ رونمائی تھی؛ انہوں نے اپنے اصلاحی اشعار سے سامعین کے دل جیت لیے۔ صحافی مشتاق کریمی نے کہا کہ ہمیں اپنی آخری سانسوں تک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی استطاعت کے مطابق مثبت کام جاری رکھنے چاہئیں۔ انیس شاہین نے بچوں کے تلفظ کی درستگی اور اساتذہ کی محنت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
سابق صدر مدرس ضمیر اشرف اور شبیر رشید نے عبدالرؤف سر، شکیل عثمان اور نثار سر (پونے) کے تہنیتی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ شکیلہ حمید اور ساجدہ پروین نے پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے اصلاحِ معاشرہ کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ عاصم جلگانوی نے رشتوں کو جوڑنے کے لیے ایک میرج بیورو کے قیام کی تجویز پیش کی۔ ایڈووکیٹ سید عارف اور ظہیر قاضی (اورنگ آباد) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اپنے کلیدی خطبے میں انجمن تعلیم المسلمین کے چیئرمین اعجاز ملک نے ادارے کی مختصر تاریخ بیان کی۔ پروفیسر ایس ایم ظفر نے اپنی اولاد کی خوش نصیبی کے لیے دعا کرتے رہنے کی تلقین کی۔ عبدالرشید سر نے اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے قیام کا مشورہ دیتے ہوئے تعلیم کے ساتھ تربیت کو بھی لازم قرار دیا، جبکہ پرنسپل نعیم بشیر نے باہمی ملاقاتوں اور ملی و تعلیمی مسائل پر گفتگو کو نہایت اہم قرار دیا۔
تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی گلاب بابا باغبان، سید فاروق، سلیم شیخ (سابق ایم ایس ای بی آفیسر، ممبرا)، مصطفیٰ کپاڈیہ (اندور) اور سید عارف محمود سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ اس یادگار جلسے میں ممبئی، اورنگ آباد، ناسک، اندور اور برہان پور کے علاوہ ضلع بھر سے سابق طلبہ نے شرکت کی۔ گلاب شاہ کے رسمِ شکریہ پر تقریب کا اختتام ہوا، جس کے بعد طعام اور شرکاء میں تحائف کی تقسیم عمل میں آئی۔ آخر میں اسکول کے احاطے میں تمام شرکاء نے گروپ فوٹو بھی کھنچوایا۔


