حیدرآباد (دکن فائلز) ایک اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج میں خودکشی کا رجحان گزشتہ 16 برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جہاں رواں برس 23 حاضر سروس فوجیوں نے اپنی جان لے لی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی 16 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ایک سال کے دوران اتنی بڑی تعداد میں حاضر سروس اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق خودکشی کرنے والے ان 23 فوجیوں میں سے 17 اہلکار غزہ جنگ میں شامل رہے تھے۔
اسرائیلی اخبار کی تفصیلات کے مطابق 2023 کی غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے فوجی اہلکاروں میں خودکشی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جنگ سے قبل خودکشی کرنے والے حاضر سروس اسرائیلی فوجیوں کی سالانہ اوسط تعداد 12 تھی، تاہم 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر 21 اور 2025 میں 22 ہو گئی، جبکہ رواں برس یہ 23 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 31 ہزار 500 سے زائد زخمی فوجیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے وزارت کے بحالی کے شعبے سے علاج حاصل کیا ہے، جن میں سے تقریباً 62 فیصد یعنی 19 ہزار 600 افراد نفسیاتی مسائل سے دوچار ہیں۔ 10 ہزار 100 افراد صرف نفسیاتی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ 9 ہزار 400 افراد جسمانی چوٹوں کے ساتھ نفسیاتی مسائل کا بھی شکار ہیں۔
دوسری جانب، غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کے دوران فلسطینی شہریوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور سنگین انسانی بحران پر انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوامِ متحدہ کے مبصرین اور عالمی برادری کے مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جاتی رہی ہے، جبکہ اسرائیلی حکام ان کارروائیوں کو اپنے سیکیورٹی اہداف کے تناظر میں پیش کرتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس طویل تنازعے کے جہاں غزہ کی آبادی پر شدید اثرات مرتب ہوئے ہیں، وہیں مسلسل جنگی دباؤ اور نفسیاتی مسائل فوجی اہلکاروں میں بڑھتے ہوئے خودکشی کے رجحان کا سبب بھی بن رہے ہیں۔


