’موسٹ وانٹیڈ بندر‘ جس کے سر پر 21 ہزار کا انعام تھا، آخر کار پکڑا گیا

(دکن فائلز ڈاٹ کام) انتہائی مطلوب بندر کو پکڑ لیا گیا جس کو پکڑنے کے لیے 21 ہزار روپے انعام بھی مقرر کیا گیا تھا۔ مدھیہ پردیش میں 2 ہفتوں سے خوف پھیلانے اور 20 لوگوں پر حملہ کرنے والے بندر کے سر کی قیمت 21 ہزار روپے رکھ دی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق ریسکیو ٹیم نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر خطرناک بندر کو آخر کار پکڑلیا جس کی تلاش کے لیے ایک ڈرون کا بھی استعمال کیا گیا۔
میڈیا کے مطابق بندر کو پُرسکون کرنے کےلیے انجیکشن بھی لگائے گئے جس کے بعد اسے پنجرے میں بند کردیا گیا۔ بندر نے جن 20 افراد پر حملہ کیا ان میں 8 بچے بھی شامل تھے۔
حکام نے بتایا کہ بندر چھتوں اور کھڑکیوں پر بیٹھ جاتا تھا اور اچانک لوگوں پر جھپٹ پڑتا تھا جس کے باعث زخمی ہونے والوں میں سے بہت سے لوگوں کو گہرے زخم آئے اور کئی لوگوں کو متعدد ٹانکے بھی لگوانے پڑے۔ اسے پکڑ کر پنجرے میں بند کردیا جب کہ بندر کے پکڑے جانے پر علاقہ میں جشن منایا گیا اور لوگوں نے خوب نعرے لگائے۔
حکام نے بندر کی مسلسل کارروائیوں سے تنگ آکراس کے سر پر 21 ہزار روپے کا انعام بھی رکھا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں