اپوزیشن پارٹیوں نے بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا عزم کیا، لوک سبھا انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان

(دکن فائلز ڈاٹ کام) ملک میں تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے 2024 کے انتخابات کےلئے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ عام انتخابات اگلے سال ہوں گے جس کےلئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی این ڈی اے اور اپوزیشن جماعتیں جیت کےلئے کمر بستہ ہیں۔ ملک بھر کی تمام اپوزیشن پارٹیاں متحد ہو کر این ڈی اے کا مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آج بہار کے پٹنہ میں 15 اپوزیشن پارٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 2024 کے انتخابات متحدہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جنتا دل (متحدہ) کے رہنما اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کانگریس، ترنمول کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، سماج وادی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، سی پی آئی، سی پی ایم کے علاوہ دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے اعلیٰ رہنماؤں نے شرکت کی۔
وہیں وائی ​​ایس آر کانگریس پارٹی اور بیجو جنتا دل فی الحال غیرجانبدار ہیں اور انہوں نے اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ اجلاس کے بعد تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس میں شرکت کی اور وزرائے اعلیٰ نتیش کمار، ممتا بنرجی، سابق وزرائے اعلیٰ لالو پرساد یادو، عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، اکھلیش یادو، ملکارجن کھرگے اور دیگر نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مرحلہ کا اجلاس ہماچل پردیش کے شملہ میں 12 جولائی کو منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اقدار اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے تحفظ کے لیے سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی خودمختاری کے تحفظ اور تباہ ہونے والی آئینی اقدار کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے آئندہ انتخابات میں مشترکہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بی جے پی کو شکست دینے کے لیے متحد ہوں گے۔ اس موقع پر لالو پرساد یادو نے اپنے انداز میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہنومان نے کرناٹک میں اپنی گدی سے بی جے پی کو شکست دی۔ انہوں نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے الیکشن میں بی جے پی کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں