یوکرین میں کامیابیاں سمیٹنے والی روس کی نجی فوجی کمپنی ویگنرگروپ نے روسی فوجی قیادت ہی کے خلاف بغاوت کردی۔ یوکرین میں لڑنے والے اپنے ہراول دستے میں شامل اہلکاروں کو روسی طیاروں کی جانب سے مبینہ نشانہ بنائے جانے پر انہوں نے روسی وزارت دفاع کا رخ کرلیا۔
گروپ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ 25 ہزار کی مضبوط فورس مرنے کے لیے تیار ہے، انہوں نے یوکرین میں روس کا فوجی ہیلی کاپٹر گرانے اور روس کے جنوبی علاقے روستوف میں داخل ہونے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب روس نے مسلح بغاوت پراکسانے کے الزام میں ویگنر گروپ کے سربراہ یوو گنی پری گوژن کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ویگنر پرائیویٹ ملٹری کمپنی فورسز سے کہا گیا ہے کہ وہ پری گوژن کے احکامات کو نظر انداز کرکے اسے گرفتار کر لیں۔