اترپردیش میں کانپور کے چرچ پر بجرنگ دل کارکنوں کا حملہ، عمارت میں توڑ پھوڑ، 80 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج

اترپردیش کے کانپور میں کانونٹ اسکول میں ایک عظیم الشان عمارت تعمیر کی جارہی تھی، جس پر کچھ ہندوتوا تنظیموں نے اعتراض جتایا تھا کہ یہ عمارت چرچ کی طرح بنائی جارہی ہے۔ بجرنگ دل کارکنوں کی شکایت کے بعد اتھارٹی نے کام کو رکوادیا تھا تاہم بجرنگ دل کے کارکنوں پولس کی موجودگی میں عمارت میں گھس کر خوب توڑ پھوڑ کی اور یہاں بھگوا جھنڈا نصب کردیا۔
پولیس نے اس معاملہ میں 80 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
بجرنگ دل کے کارکنوں نے الزام عائد کیا تھا کہ اکبر پور کوتوالی علاقے میں اسکول کمپلیکس کو چرچ میں تبدیل کیا جا رہا تھا۔ بجرنگ دل کے کارکنوں نے 4 جولائی کو اسکول کے احاطے میں ہنومان چالیسہ پڑھنے کا اعلان کیا۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجیش پانڈے نے بتایا کہ پولیس جب موقع پر پہنچی تو بجرنگ دل کے کارکنوں نے ہنگامہ کیا۔ عمارت کی مہر کو توڑ کر اندر داخل ہوگئے، پولیس ن جب انہیں روکنے کی کوشش کی تو ہاتھا پائی کی گئی۔ اس کے بعد عمارت میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس معاملے میں صدر تحصیلدار کی تحریر پر 13 نامزد اور 80 نامعلوم افراد کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زیر تعمیر عمارت کے مالک کے خلاف بھی چرچ کی غیرقانونی تعمیر کے سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ عمارت کے مالک سنجے جوزف کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں