افسوسناک خبر: ناسک میں شدت پسند گؤ رکھشکوں نے پیٹ پیٹ کر ایک اور مسلم نوجوان کی جان لے لی

مہاراشٹرا کے ناسک میں شدت پسند گؤ رکھشکوں نے سلاخوں سے حملہ کرکے ایک اور مسلم نوجوان کی جان لے لی۔ اطلاعات کے مطابق ممبئی کے قریبی علاقہ اگت پوری میں یہ واقعہ پیش آیا۔ آج غیرقانونی گؤ رکھشکوں کے حملہ میں ایک مسلم نوجوان ہلاک اور ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
سنار-گھوٹی ہائی وے پر دو مسلم نوجوانون کار میں ممبئی کی طرف جارہے تھے کہ دس سے زائد اشرار پر مشتمل ہجوم نے غیرقانونی طور پر ان کی گاڑی کو روکا اور کار کی تلاشی لی۔ دونوں پر گائے کا گوشت لیجانے کاالزام عائد کرتے ہوئے گؤ رکھشکوں نے ان پر مبینہ طور پر لوہے کی سلاخوں سے حملہ کردیا اور بری طرح مارپیٹ کی۔
پولیس نے بتایا کہ دو مسلم نوجوانوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران ایک مسلم نوجوان ہلاک ہوگیا۔ دوسرے نوجوان کا علاج چل رہاہے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل اور جھگڑے کا معاملہ درج کرلیا اور فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے 10 لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ گؤ رکھشکوں کے حملہ میں ہلاک نوجوان کی شناخت عبدالمجید انصاری جبکہ زخمی شخص کی شناخت ناصر کے طور پر کی گئی۔
موقع پر پائے گئے گوشت کو پولیس نے جانچ کےلئے لیاب بھیج دیا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد مزید کاروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں