ہماچل پردیش کے چامبا میں منوہر لال کے قتل کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا اور مختلف ہندو تنظیموں کے ارکان سڑکوں پر اتر آئے۔ اس دوران ہندو تنظیموں کے ارکان نے مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگائے۔
اطلاعات کے مطابق احتجاج کے دوران ’دیش کے غداروں کو گولی مارو ۔۔۔۔، ملا قاضی بائے بائے، ملا قاضی مردہ باد، گؤ ماتا کا اپمان نہیں سہیں گے و دیگر اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے۔
احتجاج کے دوران مسلمانوں کو اندرون ایک ماہ علاقہ سے چلے جانے کا الٹی میٹم دیا گیا۔ اس احتجاج میں جن ہندو تنظیموں ننے حصہ لیا ان میں بجرنگ دل، وی ایچ پی، ہندو جاگرن منچ، برہمن پرتندھی سبھا، سپی کلیان سبھا، والمیکی سبھا، ویاپار منڈل چامبا شامل ہیں۔
ایک ہندوتوا ویب پورٹل کے مطابق احتجاجیوں نے منوہر لال قتل مقدمہ کی سماعت کےلئے ایک فاسٹ ٹراک کورٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے دوران پولیس فورس سے آمنا سامنا ہوا اور طاقت آزمائی بھی ہوئی۔ کٹر ہندو رہنما کمل گوتم نے احتجاج کی قیادت کی۔
