عام آدمی پارٹی کا اصلی چہرہ؟ اروند کیجریوال کی پارٹی نے یکساں سول کوڈ کی حمایت کا اعلان کردیا

وزیراعظم نریندر مودی نے گذشتہ روز ملک میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی پرزور حمایت کی تھی تاہم اب عام آدمی پارٹی نے بھی اس معاملہ پر کھل کر مرکزی حکومت کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ملک میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کےلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی بات کہی ہے۔
عام آدمی پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ ’ہم اصولی طور پر یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ آرٹیکل 44 بھی یہی کہتا ہے کہ ملک میں یو سی سی کو نافذ ہونا چاہئے۔ اس لئے اس معاملہ پر تمام مذاہب، سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے ساتھ وسیع مشاورت ہونی چاہئے اور اتفاق رائے پیدا کرنا چاہئے‘۔ عآپ رہنما سندیپ پاٹھک نے بتایا کہ حکومت کو اس کے نفاذ پر آمرانہ موقف اختیار کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’کچھ معاملات مستقبل میں بہت اہم اور ناگزیر ہیں، ان کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، لیکن اسے آمرانہ طریقے سے نافذ کرنے کی کوشش درست نہیں ہے۔ اس پر وسیع تر مشاورت ہونی چاہیے اور اس کے ارد گرد اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’اتفاق رائے کے بغیر، آپ اس قسم کی کسی بھی چیز کو نافذ نہیں کر سکتے کیونکہ اس سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد مایوس ہو جائے گی‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں