آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر میں اسکاٹ لینڈ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 2 بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو پہلی بار ورلڈکپ سے ہی باہر کر دیا۔ سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم میگا ایونٹ کےلیے کوالیفائی ہی نہ کر سکی۔
ہرارے میں کھیلے گئے کوالیفائینگ راؤنڈ کے سُپر سکس مرحلے میں اسکاٹ لینڈ نے 185 رنز کا ہدف 43.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر میتھیو کراس ناقابلِ شکست 74 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے۔ برینڈن مک مولین 69، جورج میونسے 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کرسٹوفر مک برائڈ کھاتا کھولنے میں ناکام رہے۔ کپتان رچی بیرنگٹن 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
زمبابوے نے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے ورلڈکپ میں جانے کے امکانات کو زندہ رکھا۔ سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم نے زبردست کامیابی سمیٹ کر ورلڈکپ کے لیے ایک اور قدم بڑھا لیا۔
واضح رہے ویسٹ انڈیز 1975 اور 1979 میں ورلڈ کپ اپنے نام کر چکی ہے۔
