تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی تشہیری مہم کا باضابطہ آغاز، راہل گاندھی نے بیواؤں اور بزرگ شہریوں کے لیے 4000 روپے پنشن کا کیا وعدہ

کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں انتخابی تشہیری مہم کا آج سے باضابطہ آغاز کردیا۔ پارٹی گڑھ سمجھے جانے والے کھمم میں آج ایک بڑے پیمانہ پر جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس میں راہل گاندھی نے شرکت کی۔ اس ریلی کو جنا گرجنا کا نام دیا گیا۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کانگریس اقتدار میں آتے ہی پنشن کی رقم کو بڑھا کر 4000 روپے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ضعیف افراد، بیواؤں اور معذورین کو 4000 روپے ماہانہ پنشن دینے کا وعدہ کیا ہے۔
اسٹیج پر پی سی سی صدر ریونت ریڈی، سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری، اتم کمار ریڈی، مدھو یاشکی گوڑ، کومت ریڈی وینکٹ ریڈی، وی ہنومنت راؤ کے علاوہ پارٹی کے کئی اہم رہنما موجود تھے۔
اس موقع پر راہل گاندھی نے کے سی آر حکومت کو شدید نشانہ بنایا اور ایک لاکھ کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مقابلہ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان ہے۔ راہول نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ کے بادشاہ کی طرح محسوس کرتے ہیں اور ریاست کو جاگیر کی طرح محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی بدعنوانی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ کالیشورم پروجیکٹ میں ایک لاکھ کروڑ کی کرپشن ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں