امریکہ کے سان فرانسسکو میں خالصتانی علیحدگی پسندوں نے ہندوستانی قونصل خانے میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی تھی، جس کی امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہاکہ سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانے میں مبینہ توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کی کوشش کی شدید مذمت کی جاتی ہے،امریکہ میں سفارتی تنصیبات یا غیر ملکی سفارت کاروں کے خلاف توڑ پھوڑ یا تشدد کرنا ایک مجرمانہ عمل ہے۔
اطلاعات کے مطابق سان فرانسسکو کے فائر ڈپارٹمنٹ نے قونصل خانے میں لگی آگ کو فوری طور پر بجھا دیا۔
واضح رہے کہ امریکہ میں مارچ کے مہینے میں ہوئے احتجاج کے دوران خالصتانی حامیوں نے زبردست نعرے بازی کی اور پولیس کی جانب سے نصب کی گئیں عارضی رکاوٹوں کو بھی توڑ دیا گیا تھا۔
