یکساں سول کوڈ پر مرکزی حکومت کی جانب سے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ مودی حکومت نے یکساں سول کوڈ معاملہ پر وزرا کا ایک گروپ تشکیل دیا ہے جس میں سینئر وزرا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اس گروپ کی سربراہی کرن رجیجو کریں گے۔ یو سی سی پر معاملہ پر مرکزی حکومت کی جانب سے بنائے گئے وزرا کے گروپ میں جی کشن ریڈی، ارجن رام میگھوال اور اسمرتی ایرانی کو شامل کیا گیا ہے۔
گذشتہ روز ہوئی ایک میٹنگ میں یہ وزرا گروپ کی جانب سے یکساں سول کوڈ سے متعلق مختلف مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔ گروپ میں شامل وزرا کو مختلف مسائل پر غور کرنے کا کام دیا گیا ہے۔ سربراہ گروپ کرن رجیجو قبائلیوں سے متعلق مسائل، اسمرتی ایرانی خواتین کے حقوق سے متعلق، جی کشن ریڈی شمال مشرقی ریاستوں سے متعلق وہیں ارجن رام میگھوال قانونی پہلوؤں سے متعلق مسائل پر غور کریں گے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم نریندر مودی نے بھوپال میں بی جے پی کے بوتھ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یکساں سول کوڈ کی کھل کر وکالت کی تھی۔ اس کے بعد سے مرکزی حکومت کی جانب سے یو سی سی پر عوامی رائے ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے وہیں مسلمانوں کے علاوہ دیگر قبائلی طبقات و سکھوں کی جانب سے یکساں سول کوڈ کی مخالفت کی جارہی ہے۔


