مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی 10 جولائی کو پانچ روزہ دورہ پر ہندوستان آئیں گے

مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ 10 جولائی کو پانچ روزہ دورے پر ہندوستان تشریف لارہے ہیں۔ 10 جولائی کو وہ نئی دہلی پہنچیں گے اور اسی شام قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کریں گے۔
دوسرے روز یعنی 11 جولائی کو صبح 11 بجے، خسرو فاؤنڈیشن کی دعوت پر ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے بی ایس عبدالرحمن آڈیٹوریم میں ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر اجیت ڈوول کا بھی خطاب ہوگا۔
اپنے پانچ روزہ دورہ کے دوران العیسی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے علاوہ اقلیتی امور کی وزیر سمرتی ایرانی سے ملاقات کریں گے۔ مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل، صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے اور مختلف مسائل پر گفتگو ہوگی۔
دورہ کے دوران دیگر مصرفیات کے علاوہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم دہلی کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے اور آگرہ کا بھی دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ العیسیٰ ایک اسلامی اسکالر ہیں اور اعتدال پسند اسلام پر ایک سرکردہ آواز ہیں۔ وہ سعودی عرب کے ایک ممتاز مذہبی رہنما، اسلامی اسکالر اور اصلاح پسند ہیں۔ 2016 میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر تعینات ہونے سے پہلے، العیسیٰ سعودی کابینہ میں وزیر انصاف کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں