گولوالکر سے متعلق متنازعہ ٹوئٹ کے الزام میں ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف مقدمہ درج

آر ایس ایس کے سابق سربراہ گولوالکر سے متعلق پر متنازعہ ٹوئٹ کرنے کے الزام میں کانگریس کے سینئر رہنما ڈگ وجے سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے کانگریس کے سینئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ڈگ وجے سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مدھیہ پردیش پولیس نے ایک شکایت موصول ہونے کے بعد یہ کارروائی کی جس میں الزام لگایا گیا کہ ڈگ وجئے سنگھ نے آر ایس ایس کے سابق سربراہ گولوالکر کو بدنام کرنے کےلئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈگ وجے سنگھ کے خلاف گذشتہ روز اندور کے توکو گنج پولیس اسٹیشن میں آر ایس ایس کے سابق سربراہ ایم ایس گولوالکر سے متعلق متنازعہ پوسٹ کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ اندور ہائی کورٹ کے وکیل راجیش جوشی کی شکایت پر آئی پی سی کی دفعہ 153-A، 469، 500 اور 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
اپنی شکایت میں راجیش جوشی نے کہا کہ جھوٹے تبصروں کو سابق آر ایس ایس سربراہ گولوالکر سے منسوب کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا گیا اور جان بوجھ کر دلتوں، مسلمانوں اور پسماندہ طبقوں کے درمیان آر ایس ایس کے خلاف نفرت اور مختلف برادریوں کے درمیان تنازع و دشمنی کو ہوا دینے کی کوشش کی گئی۔
واضح رہے کہ ڈگ وجے سنگھ نے اپنے پوسٹ میں ایک تصویر شیئر کی جس میں گولوالکر کہتے ہیں کہ ’’میں دلتوں، پسماندہ لوگوں اور مسلمانوں کو مساوی حقوق دینے کے بجائے برطانوی راج میں رہنا پسند کروں گا۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں