ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سارو گنگولی نے ہندوستان میں اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کرنے والی ٹیموں کے ناموں کی پیش قیاسی کی ہے۔ گنگولی نے پانچ ٹیموں کا نام دیا جو ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جگہ بناسکتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ایڈن گارڈن میں سیمی فائنل کا ایک مقابلہ روایتی حریف ہند پاک کے مابین بھی ہونا چاہیے۔
سابق کپتان سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ یہ بتانا ابھی بہت مشکل ہوگا کہ سیمی فائنل میں کون سی ٹیمیں جگہ بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، آسٹریلیا، انگلینڈ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جاسکتی ہیں لیکن آپ اس ایونٹ میں نیوزی لینڈ کو نظر انداز نہیں کرسکتے لہٰذا وہ بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔
گنگولی نے چار ٹیموں کا نام لینے کے بعد کہا کہ میں سیمی فائنل کے لیے پانچ ٹیموں کا انتخاب کروں گا اور اس فہرست میں پاکستان کو بھی شامل کروں گا۔ سارو گنگولی نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے تاکہ ایڈن گارڈنز میں بھارت اور پاکستان کا مقابلہ ہو۔