مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ہندوستانی تنوع سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کے سلسلے میں وزیراعظم مودی اور العیسی نے ٹیوٹ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس ملاقات پر خوشی اور اطمینان ظاہر کیا گیا ہے۔
مسلم ورلڈ لیگ کی تنظیم نے ٹوئٹر پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں بتایا اور لکھا کہ ’اپنے دورہ ہند کے آغاز میں انہوں نے تمام اہم شخصیات سے ملاقات کی۔ العیسی اور مودی کی ملاقات بھی توجہ کا مرکز تھی،کیونکہ العیسی کو ولی عہد محمد بن سلمان کا بہت قریبی مانا جاتا ہے۔
مودی کے پی ایم او نے اس ٹوئٹ میں العیسی سے ملاقات اور بین المذاہب ہم آہنگی پر بات چیت کا ذکر ہے۔
اسی طرح ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے آج راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کی۔ ڈاکٹر العیسیٰ کا ہندوستان کے پہلے سرکاری دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہندوستان رواداری کی اقدار، شعور کے اعتدال اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے میں مسلم ورلڈ لیگ کے کردار اور مقاصد کو سراہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان، ایک کثیر ثقافتی، کثیر لسانی، کثیر نسلی اور کثیر مذہبی سماج کے طور پر، تنوع میں اتحاد کا جشن مناتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے 20کروڑ سے زیادہ ہندوستانی مسلمان بھائی اور بہنیں ہمیں دنیا میں مسلمانوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی والا ملک بناتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ ہندوستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک پرانی تاریخ ہے جس کی جڑیں تجارت اور عوام سے عوام کے روابط پر ہیں۔
