دہلی کی این آئی اے کی خصوصی عدالت نے انڈین مجاہدین سے وابستہ چار دہشت گردوں کو ملک گیر دھماکے کی سازش کیس میں 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ مذکورہ عدالت نے قومی تحقیقاتی ایجنسی کے دعووں سے اتفاق کیا کہ ملزمان نے حیدرآباد اور دہلی میں دھماکوں کئے۔ تفتیشی ادارے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دھماکوں کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود بھی تیار کیا تھا۔ حیدرآباد کے عبید رحمان، بہار کے دھنیش انصاری، بہار کے آفتاب عالم اور مہاراشٹر کے عمران خان کو قومی تحقیقاتی ایجنسی نے مارچ 2013 میں دھماکوں کی سازش کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ این آئی اے عدالت نے، انہیں 7 جولائی کو مجرم قرار دیا، جمعرات کو انہیں 10 سال قید کی سزا سنائی۔
این آئی اے کو تحقیقات میں پتہ چلا کہ ان چاروں نے دہشت گردوں کے ساتھ مل کر ملک میں کئی مقامات پر دھماکے کرنے کی سازش کی تھی۔ چارج شیٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ وہ 2007 میں گوکل چاٹ اور لمبینی پارک کے جڑواں دھماکوں اور 2013 میں دلسکھ نگر جڑواں دھماکوں میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان چاروں افراد نے ماضی میں وارانسی، ممبئی، فجی آباد، دہلی، احمد آباد اور بنگلور میں ہونے والے دھماکوں میں بھی کردار ادا کیا تھا۔
دریں اثنا، قومی تحقیقاتی ایجنسی نے سزا پانے والے چار مجرموں کے خلاف دائر چارج شیٹ میں کئی سنسنی خیز انکشاف کئے ہیں۔


