دھوکہ باز دلہن 27 سے زیادہ مردوں کو چونا لگا چکی ہے

جموں و کشمیر میں ایک شاطر و دھوکہ باز دلہن کا چرچہ عام ہے، جبکہ اس نے اب تک 27 سے زیادہ مردوں کو چونا لگا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس دلہن کا تعلق ضلع راجوڑی سے ہے، جو اب تک 27 سے زیادہ مردوں کے ساتھ شادی کرکے زیورات، نقدی اور ان کی دیگر جمع پونجی لے کر فرار ہو چکی ہے۔

شاطر و دھوکہ باز دلہن شادی کے بعد ہر دولہا کے پاس 10 تا 20 روز رہتی ہے اور موقع ملتے ہی مال و زیورات لوٹ کر رفوچکر ہو جاتی ہے۔ مبینہ طور پر اس فراڈ میں کئی رشتے کرانے والے بھی ملوث ہیں جو اس دلہن کی امیر مردوں کے ساتھ شادی کرواتے ہیں۔

یہ انوکھا معاملہ اس وقت منظرعام پر آیا جب 12 مردوں نے یکے بعد دیگرے ایک مقامی پولیس اسٹیشن میں اپنی بیویوں کے زیورات اور نقدی وغیرہ لے کر بھاگ جانے کے مقدمات جمع درج کرایا۔ جب ان سب کی بیویوں کی تصاویر دیکھی گئیں تو انکشاف ہوا کہ وہ ایک ہی عورت تھی، جس نے ان سب سے شادی کی ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے بعد اس دلہن کے مزید شکار (دولہے) بھی سامنے آنے لگے۔ اب تک کل 27 مرد سامنے آ چکے ہیں جنہیں یہ خاتون لوٹ چکی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ خاتون زیادہ تر راجوڑی اور بڈگام کے اضلاع میں لوگوں کو لوٹ رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں