کپڑوں پر مرغی کا خون لگا کر بزرگ شخص کو جنسی زیادتی کے الزام میں پھنسانے والی خاتون کا پردہ فاش ہوگیا

ممبئی میں ایک خاتون نے کپڑوں پر مرغی کا خون لگا کر 64سالہ کاروباری شخص کو جنسی زیادتی کے الزام میں پھنسا دیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ممبئی کا ہے جہاں مونیکا بھگوان عرف دیو چوہدری نامی خاتون نے اپنے تین ساتھیوں سے مل کر ایک کاروباری شخص کو بلیک میل کیا اور اس سے کروڑوں روپئے کی رقم ہتھیائی۔

اس کاروباری شخص کا تعلق کولہاپور سے ہے، جس نے مونیکا اور اس کے ساتھیوں کی بلیک میلنگ سے تنگ آ کر بالآخر پولیس سے رجوع کر لیا۔متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ ملزمہ مونیکا نے اپنے ساتھیوں انیل چوہدری عرف آکاش، لبنیٰ وزیر عرف سپنا اور منیش سوڈی کے ساتھ مل کر اسے دھوکے سے سٹی ہوٹل بلایا۔

ہوٹل میں مونیکا کمرے میں گئی اور کاروباری شخص پر جنسی حملے کاالزام عائد کر دیا۔ اس نے کپڑوں کو مرغی کے خون سے آلود کرکے اسے اپنا خون ظاہر کیا اور کاروباری شخص کو دھمکی دی کہ وہ اس کے خلاف پولیس کو رپورٹ درج کرائے گی۔ ہوٹل کے کمرے میں متاثرہ شخص اور مونیکا کے مابین ہاتھا پائی بھی ہوئی، جس کی مونیکا کے دیگر ساتھیوں نے ویڈیو بنا لی۔

بعد ازاں ملزمان ان ’ثبوتوں‘ کی بنیاد پر کاروباری شخص کو بلیک میل کرکے اس سے رقم ہتھیاتے رہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر آدمی سے سوا تین کروڑ روپے ہتھیائے۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں