پولیس حراست میں مسلم نوجوان کی موت، غمزدہ رشتہ داروں کا احتجاج (ویڈیو دیکھیں)

جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع کے برہی میں محمد اشفاق نامی ایک مسلم نوجوان کی مبینہ طور پر پولیس حراست میں موت ہوگئی، جس کے بعد غمزدہ رشتہ داروں نے پولیس زیادتی کے خلاف احتجاج کیا۔

https://twitter.com/HindutvaWatchIn/status/1681349752422645792

پولیس نے مسلم نوجوان کو ایک روز قبل چوری کے الزام میں پکڑا تھا جبکہ دوسرے روز مبینہ طور پر حراست میں مارپیٹ کے بعد نوجوان کی موت ہوگئی۔ اشفاق کے رشتہ داروں نے پولیس پر رات بھر مارپیٹ کرنے کا الزام عائد کیا اور بتایا کہ پولیس نے اشفاق کو تشویش ناک حالت میں سب ڈویژنل اسپتال میں چھوڑ دیا جہاں علاج کے دوران نوجوان کی موت ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر اشفاق کے رشتہ داروں کی جانب سےکئے گئے احتجاج کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔ رشتہ داروں نے پولیس کے ذریعہ مسلم نوجوان پر ظلم و زیادتی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

سماجی کارکن اشرف حسین نے اپنے ٹویٹر پر احتجاج کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ جھارکھنڈ کے ہزاری باغ کے برہی تھانے کی پولیس حراست میں ایک مسلم نوجوان کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مقتول کا نام محمد اشفاق خان ہے۔ اسے چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تھانے میں اسے بری طرح زدوکوب کیا گیا جس کے بعد نوجوان نے دم توڑ دیا۔ اشفاق گھر میں اکلوتا کمانے والا تھا۔ والدہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ لواحقین انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں اور ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں