منی پور واقعہ پر بیان دینے کےلئے وزیراعظم مودی کو مجبور ہونا پڑا: اسدالدین اویسی

منی پور میں دو خواتین پر وحشیانہ تشدد، برہنہ پریڈ اور ویڈیوز بنانے کا واقعہ پورے ملک میں سنسنی کا باعث بن گیا ہے۔ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اس پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور تشدد پر اتنے دنوں تک خاموش رہنے والے وزیراعظم نریندر مودی نے اب ردعمل کا اظہار کیا جب ایک وحشیانہ کاروائی کا ویڈیو وائرل ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اب چونکہ انسانیت سوز حرکت کا ویڈیو وائرل ہوا تو مودی کو اس واقعہ پر ردعمل دینے کےلئے مجبور ہونا پڑا۔ منی پور میں نسل کشی جاری ہے۔ انصاف صرف اس صورت میں ہوگا جب وزیراعلیٰ کو برطرف کیا جائے گا اور وزیراعظم کی جانب سے سی بی آئی جانچ کا حکم دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سے منی پور میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کانگریس نے بھی منی پور میں پرتشدد واقعات کے دوران ردعمل ظاہر کیے بغیر غیرملکی دوروں پر روانہ ہونے کے بعد وزیراعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

آج وزیراعظم مودی نے منی پور کی خواتین کے خلاف ہونے والے تشدد کے واقعہ پر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ملک کے لیے باعث شرم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں