وزیراعظم نریندر مودی نے زور دیا ہے کہ منی پور میں خواتین کے ساتھ وحشیانہ حرکت کے واقعے میں قانون پوری طاقت کے ساتھ اپنا کام کرے گا اور اس میں شامل کسی بھی قصوروار کو بخشا نہیں جائے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قانون پوری طاقت کے ساتھ اپنا کام کرے گا اور منی پور میں خواتین کے ساتھ وحشیانہ حرکت کے واقعے میں شامل کوئی بھی قصوروار بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کا دل صدمے اور غصے سے بھر گیاہےاور کسی بھی مہذب معاشرے کیلئے یہ واقعہ شرم کی بات ہے۔ مودی آج پارلیمنٹ کے مانسوناجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاﺅس کمپلیکس میں میڈیا کے افراد سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ منی پور کے واقعےسے 140 کروڑ بھارتی شرمسار ہوئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جایا جائے گا۔ انہوں نے سبھی وزرائے اعلیٰ سے اپنی اپنی ریاستوں میں امن و قانون کو مستحکم کرنے پر زور دیا تاکہ خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کی جاسکے۔
وزیراعظم کا یہ ردعمل سوشل میڈیا پر اُس ویڈیو کے سامنےآنے کے بعد آیا ہے جس میں منی پور میں مردوں کا ایک گروپ دو خواتین کو برہنا چلا رہاہے۔
پارلیمنٹ اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ممبران پارلیمنٹ عوام کے مفاد میں اجلاس کا مکمل طور پر استعمال کریں گے۔ انہوں نے بلوں پر مفید بحث و مباحثے کیلئے کہا۔ مودی نے مزید کہا کہ یہ اجلاس، اس میں متعارف کئے گئے اُن بلوں کیلئے کافی اہمیت رکھتا ہے جن کا براہ راست تعلق عوام کے مفاد سے ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق بل ایک ایسے وقت میں پیش کیا جائے گا، جب بھارت کے نوجوان ڈیجیٹل دنیا میں ایک سرکردہ رول ادا کررہے ہیں۔جس سے عوام میں ایک نئے اعتماد کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور دنیا کے سامنے بھارت کا مقام بلند ہوتا ہے۔ مودی نے کہا کہ بحث و مباحثہ ایک کلیدی رول ادا کرتا ہے، جتنا زیادہ کسی معاملے پر بحث و مباحثہ ہوگا، عوامی مفاد میں اُتنے ہی بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔


