ہندوستان کے معروف عالم دین شیخ ابوبکر کو ملائیشیا کا سب سے بڑا شہری ہجرہ ایوارڈ دیا گیا

ہندوستان کے علماء نے مفتی اعظم ہند شیخ ابوبکر احمد کو دنیا بھر کے بااثر مسلم علماء کے لئے ملائیشیا کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہجرہ ایوارڈ سے نوازے جانے پر مبارکباد دی ہے۔ ہندوستان کے مفتی اعظم شیخ ابوبکر احمد کو ہجرہ ایوارڈ سے نوازا گیا، ملائیشیا کے بادشاہ السلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے کوالالمپور ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں یہ ایوارڈ پیش کیا۔

تقریب میں وزیر اعظم انور ابراہیم، وزیر مذہبی امور ڈاکٹر محمد نعیم بن مختار سمیت کئی دیگر افراد نے شرکت کی۔ ایک عظیم الشان تقریب میں شیخ ابوبکر کو اسلامی علم، سماجی ترقی اور قیام امن کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات پر باوقار بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ہجرہ ایوارڈ کمیٹی نے شیخ ابوبکر اور ان کی تنظیموں کی جانب سے ہندوستان میں مختلف کمیونٹیز کے درمیان شروع کی گئی تعلیمی سرگرمیوں کا بھی اعتراف کیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے پر، شیخ ابوبکر احمد نے اپنی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ہندوستانی برادری اور انسانیت کے لیے ان کے تعاون کے لیے ایک بین الاقوامی پہچان ہے۔

پچھلے سال مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو ہجرہ اعزاز دیا گیا تھا جنہوں نے حال ہی میں حکومت ہند کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ شیخ ابوبکر احمد کے صاحبزادے ڈاکٹر عبدالحکیم نے کہا کہ دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات آرہے ہیں، مختلف مذاہب کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ بجا طور پر اپنی خدمات کے لئے ایوارڈ کے مستحق ہیں۔

یاد گار شیخ ابوبکر احمد کا ملیشا دورے کے دوران یر جوش استقبال کیا گیا۔ جہاں انہیں وزیر اعظم داتو انور ابراہیم نے خصوصی مدعو کیا تھا۔چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعہ سلطان شاہ عبدالعزیزایئر پورٹ پہونچنے پر ملیشا حکومت اور مرکز گلوبل چپٹرکے نمائندہ نے رسمی خیر مقدم کیا۔

غور طلب ہے کہ مفتی اعظم ہند شیخ ابوبکر احمد، کیرالہ کے ایک معروف شافعی عالم دین ہیں۔ ان کی پیدائش 22 مارچ 1931 میں کیرالہ کے کانتاپورم میں ہوئی تھی۔ تاج الشریعہ مفتی اختر رضا خان حنفی قادری ازہری علیہ الرحمه کی وفات کے بعد آپ مفتی اعظم ہند منتخب ہوئے۔ شیخ عظیم دینی درسگاہ مرکزالثقافة السنیة کے بانی اور چانسلر ہیں۔

وہ اسلامک ایجوکیشنل بورڈ آف انڈیا کے صدر ہیں، آل انڈیا سنی جمیعت علماء کے جنرل سیکریٹری ہیں۔ ورلڈ صوفی فورم کے ممبر بھی ہیں۔ وہ ایک عالم، ماہر تعلیم، ریفارمر، ماہر ماحولیات، امن کے حامی اور مقرر ہیں۔ جنوری 2008ء میں جدّہ میں شیخ ابوبکر احمد کو اسلامی ثقافت کے دفاع کے لیے اسلامی ثقافتی اعزاز سے نوازا گیا۔ 2016ء میں انہیں او آئی سی کی جانب سے جیویلز آف مسلم ورلڈ بز اعزاز سے نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں