بڑی خبر: وارانسی کورٹ نے گیانواپی مسجد کے احاطے کی اے ایس آئی کے ذریعہ سروے کی اجازت دے دی

وارانسی کی ایک عدالت نے آج آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کو گیانواپی مسجد کے احاطے کا سروے کرنے کی اجازت دے دی۔ ہندو فریق کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے آج اے ایس آئی کو مسجد کے احاطہ میں سروے کی اجازت دی۔ گیانواپی مسجد معاملے میں، متنازعہ حصے کو چھوڑ کر پورے گیان واپی کمپلیکس کی محکمہ آثار قدیمہ کے ذریعہ کی تحقیقات کی جائےگی۔ عدالت نے اے ایس آئی کو 4 اگست تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ہندو فریق نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ذریعہ گیانواپی مسجد کے پورے احاطے کا سائنسی سروے کرانے کی عدالت سے درخواست کی تھی۔ قبل ازیں عدالت نے 14 جولائی کو اس معاملے پر سماعت مکمل کی تھی اور دونوں فریقین کے دلائل سنے تھے۔

یہ عرضی اس سال مئی میں پانچ خواتین کی طرف سے دائر کی گئی تھی جنہوں نے ایک اور عرضی میں روزانہ شرنگر گوری، بھگوان گنیش، بھگوان ہنومان اور نندی کی پوجا کرنے کی اجازت مانگی تھی، جن کی مورتیاں مبینہ طور پر گیانواپی مسجد کی بیرونی دیوار پر واقع ہیں۔

سماعت کے دوران، مسجد کمیٹی نے اے ایس آئی کے سروے کے لیے ہندو فریق کی درخواست کی مخالفت کی اور وارانسی کی عدالت میں ایک درخواست جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ مغل بادشاہ اورنگ زیب نے کوئی ظلم نہیں کیا تھا اور نہ ہی انہوں نے وارانسی میں کسی مندر کو منہدم کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں